جلیلہ حیدر کی تادم مرگ بھوک ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں، بی ایس او آزاد

470

ہزارہ برادری کی نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہیں اور جلیلہ حیدر کی تادم مرگ بھوک ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں، ترجمان بی ایس او آزاد۔

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں بلوچستان میں ہزارہ کمیونٹی کے قتل عام کی شدید الظاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ایک منظم پالیسی کے تحت اپنے پیدا کردہ مذہبی انسان کش گروہوں کے ذریعے ہزارہ برادری کو نشانہ بنارہی ہے جو کھلم کھلا انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور بلوچ قومی تحریک کو کاونٹر کرنے کی گھناونی سازش کا حصہ ہے۔

پاکستان اپنے پیدا کردہ مذہبی شدت پسندوں کے ذریعے گزشتہ دو دہائیوں سے ہزارہ برادری کو ٹارگٹ کلنگ اور خود کش حملوں کا نشانہ بنارہی ہے تاکہ بلوچ قومی تحریک کو مذہبی انتہا پسندی سے تشبیہ دیکر اقوام عالم کو آسانی سے گمراہ کرسکیں اور دوسری طرف ہزارہ برادری کے قتل عام کو جواز بنا کر بلوچ آبادیوں پر اپنے فوجی یلغار کے لیے راہ ہموار کرسکیں۔

ترجمان نے کہا کہ کوئٹہ جیسے شہر میں جہاں قدم قدم پر فوجی چیک پوسٹیں قائم ہیں اس طرح کے رونما ہونے والے واقعات اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ان واقعات میں ملوث عناصر کو مکمل ریاستی سرپرستی حاصل ہے، جبکہ پاکستان بلوچستان میں فرقہ واریت کے بیج بو کر مسلکی و فرقہ بندی کے بنیاد پر اپنے مذموم مقاصد کو حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں ہزارہ نسل کشی کے خلاف ہزارہ ایکٹیوسٹ جلیلہ حیدر کی تادم مرگ بھوک ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جلیلہ حیدر کا اپنے مظلوم قوم کے لیے تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کا فیصلہ مثالی اور تاریخی ہے جس کی بی ایس او آزاد حمایت کرتی ہے۔