پنجگور اور آواران سے دو افراد لاپتہ

157

بلوچستان کے دو مختلف شہروں سے پاکستانی سیکورٹی اداروں نے دو افراد کو حراست میں لیکر لاپتہ کردیا ہے۔

دی بلوچستان پوسٹ کو ملنے والے اطلاعات کے مطابق ایک شخص کو پنجگور جبکہ دوسرے کو آواران سے حراست میں لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجگور کے علاقے پروم میں واقع بازار سے سیکورٹی اداروں نے ڈاکٹر اختر ولد حمل کو حراست میں لیکر لاپتہ کردیا۔

ڈاکٹر اختر پروم کے ہی رہائشی بتائے جاتے ہیں۔

ایک دوسرے واقعے میں بلوچستان کے شہر آواران کے علاقے گیشکور میں پاکستانی سیکورٹی اداروں نے نیاز ولد عبداللہ نامی شخص کو فورسز کیمپ طلب کیا۔ اطلاعات کے مطابق نیاز واپس اپنے گھر نہیں لوٹا ہے اور تب سے کسی سے رابطے میں بھی نہیں ہے۔

خیال کیا جارہا ہیکہ مذکورہ شخص کو بھی پاکستانی فورسز نے حراست میں لیا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں سیکورٹی اداروں کے ہاتھوں بنا کسی مقدمے کی کئی افراد کو حراست میں لیکر غائب کردیا جاتا ہے۔

دو روز قبل بولان میڈیکل کالج کے مین ہاسٹل سے فائنل ایئر کے طالبعلم ڈاکٹر سعید کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔ اس واقعے کیخلاف مختلف طبقہِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شدید احتجاج کیا ہے۔