نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچ سرزمین نے ہردور میں بہادر سپوت پیدا کیے ہیں جنہوں نے اپنے بے لوث جدوجہد کے ذریعے اس گلزمین کو سرسبز شاداب رکھا ہے۔ بلوچ شہداء و اسیران کی بے پناہ قربانیوں کے توسط سے بلوچ قوم کو جبروتشدد کے نو آبادیاتی طرز پالیسیاں اپنے زیرعتاب نہ رکھ سکے اور بلوچ آج بھی پوری جرات و ہمت کے ساتھ اپنے مؤقف پر ڈٹ کر قائم اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سردارعطاء اللہ مینگل (مرحوم) کے بلوچ قوم سمیت تمام محکوم اقوام سے دوستی کے تاریخی کردار پر نظردوڑائی جائے تو ان کی ذہانت، بہادری اور استقامت کی بدولت بلوچ قوم کو ہردور میں ایک بہترین رہنمائی حاصل ہوئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ سردار عطاء اللہ مینگل (مرحوم) کی سیاسی جدوجہد، مثبت سوچ اور حقیقت پسندی بلوچ سیاسی کارکنان کیلئے مشعل راہ ہے۔ سردار عطاء اللہ مینگل بلوچ تاریخ کا ایک اہم جز ہیں، جسے کبھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ان کے کہے گئے الفاظ آج بھی نوشتہ دیوار ہیں جسے فراموش کرنا سورج کو انگلی سے چھپانے کے مترادف ہے۔
ترجمان نے بیان کے آخر میں کہا کہ سردار عطاء اللہ مینگل (مرحوم) کے پہلی برسی پر نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول بمقام حب میں ایک روزہ تعزیتی ریفرنس مورخہ 2ستمبر2022ء کو منعقد کرنے جارہاہے، جس میں ان کی سیاسی کردار پر روشنی ڈالا جائے گا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ سردار عطاء اللہ مینگل (مرحوم) اپنے عہد کے ایک تاریخ ساز شخصیت تھے جو آج موجودہ نسل کیلئے اپنے پیچھے فکروعمل پر مشتمل بلوچ قوم دوستی و دیگر محکوم اقوام کے ساتھ مثبت تعلق کا درس چھوڑ کر چلے گئے ہیں اورضرورت ہے کہ سردار عطاء اللہ مینگل مرحوم کے تدریسی تربیت کو آج کے سیاسی جہد کار اپنے عمل کے ساتھ جوڑ دیں تاکہ بھٹکنے کے بجائے بلوچ قوم اپنے منزل پر مکمل توجہ مرکوز کرسکیں۔