ڈاکٹر ابراہیم خلیل کا اغواء ریاستی اداروں کی نااہلی ہے – لشکری رئیسائی

172

بلوچستان کے وسائل عوام کے بجائے سیکورٹی اداروں پر خرچ ہورہے ہیں – رہنما بی این پی مینگل

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء حاجی لشکری خان رئیسانی نے نیوروسرجن ڈاکٹر شیخ ابراہیم خلیل کے اغواء کو ریاستی اداروں کی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں لوگ عدم تحفظ کا شکار بااختیار ادارے سمگلرز اور جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کررہے ہیں حکومت مغوی ڈاکٹر کی بازیابی کے لئے اقدامات اٹھائے-

اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں نوابزادہ لشکری رئیسانی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن سے نیوروسرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل کا اغواء خود غرضی میں مبتلا بااختیار طبقہ کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے بلوچستان کے وسائل کو ایک خاص طبقہ کے مفاد میں دینے سے اربوں روپے بلوچستان کے عوام پر خرچ ہونے کے بجائے سیکورٹی اداروں پر خرچ ہورہے ہیں اس کے باجود بلوچستان کے لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص ادارے کی سرپرستی میں شرفاء کے شہر چھوٹے لندن کو سمگلروں اور جرائم پیشہ عناصر کا مرکز بنادیا گیا ہے جہاں شریف النفس لوگ سیاسی کارکن ڈاکٹرز وکلاء طالبعلم سمیت کوئی شخص اور طبقہ محفوظ نہیں طویل ساحلی پٹی بیش بہا قدرتی معدنیات کے مالک نان شبینہ کیلئے پریشان ہیں وہاں جرائم پیشہ عناصر اور سمگلرز آزادی سے نقل وحمل کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ بلوچستان میں بدامنی. اغواء برائے تاوان دہشتگردی کے واقعات خود غرضی کے مرض میں مبتلا با اختیار طبقہ کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہیں یہاں بلوچستان کے وسائل سے اربوں روپے سیکورٹی کے نام پر خرچ کرنے والے ادارے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے سمگلروں اور جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی میں مصروف ہیں ۔

بی این پی رہنما نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بولان میڈیکل ٹیچر ایسوسی ایشن بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسزکی فیکلٹی ممبران ٹیچرز سے یونیورسٹی کے شعبہ نیوروسرجری کے سینئر فیکلٹی ممبر پروفیسر ڈاکٹر شیخ ابراہیم خلیل کے اغوا ء پر یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بہر پور حمایت کی یقین دہانی کرائی ۔