حیدرآباد: کم سن بچی کی لاش شاپنگ بیگ سے برآمد

303

کمسن بچی کو قتل کرکے لاش شاپنگ بیک میں ڈال کر پھینک دیا گیا تھا

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سندھ کے شہر حیدرآباد بھٹائی ٹاؤن سے لاپتہ ہونے والی 6 سالہ بچی عربش کو قتل کرنے کے بعد لاش کو شاپنگ بیگ میں ڈال کر پھینک دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق 6 سالہ عربش گزشتہ شام 4 بجے گھر سے چیز لینے نکلی تھی۔ جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہوگئی تھی آج عربش کی لاش لطیف آباد 10 نمبر گلی سے برآمد کرلی گئی ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق عربش کی لاش ایک برقع پوش نے بیگ میں ڈال کر لطیف آباد 10 نمبر چوک میں ایک سنسان گلی میں پھینکی۔

تاہم بچی کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ کسی نے بتایا کہ بچی کی موٹر سائیکل سے ٹکر ہوئی ہے اور بعد میں پتہ چلا کہ شاپنگ بیگ سے لاش ملی ہے۔

بھٹائی اسپتال کی میڈیکولیگل افسر کوثر وقار کا کہنا ہے کہ بچی سے زیادتی کے شواہد نہیں ملے، تاہم پوسٹ مارٹم کے بعد موت کی وجہ معلوم ہوسکے گی۔

دوسری جانب پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔