تربت : جرائم میں ملوث خفیہ اداروں کے اہلکار پولیس کے ہاتھوں گرفتار

154

سیاسی کارکنوں و تاجروں کے اغواء میں ملوث خفیہ اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد کو تربت پولیس نے گرفتار کرلیا۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تربت پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے سیاسی کارکنوں اور تاجروں کے اغواء میں ملوث خفیہ اداروں سے تعلق رکھنے والے گروہ کے تین افراد گرفتار کر لیئے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے مزکورہ گروہ کے اراکین کی گرفتاری کچھ روز پہلے اس وقت عمل میں آئی جب اس گروہ نے تربت شہر سے دو افراد کو اغواء کرلیا۔ اغواء کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او سٹی تھانہ کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم نے ان کا تعاقب کیا اور انہیں کلگ میری کے قریب گرفتار کر کے دونوں مغویوں کو بازیاب کیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی اس اہم کاروائی کے بعد خفیہ ادارے کی طرف سے ملزمان کی رہائی کے لیئے پولیس پر زور ڈالا جارہا ہے اور انہیں اپنے ادارے سے منسلک پرائیویٹ اہلکار کہہ کر فوری رہا کرنے کی ہدایت کی گئی تاہم پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار اور اعتراف جرم کرنے والے اس اغواء کار گروہ کے ملزمان کی رہائی سے صاف انکار کیا ہے۔

دوسری جانب اثر رسوخ اور طاقت استعمال کر کے مزکورہ ادارے نے بالاخر اپنے دو کارندوں کو چھڑا لیا جبکہ ایک ملزم پولیس کی تحویل میں ہے جس پر اغواء اور دیگر دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے۔