فورسز و ڈیتھ سکواڈ کے کارندوں کو ہلاک کیا، بی ایل ایف

231

بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان گہرام بلوچ نے نامعلوم مقام سے سٹیلائیٹ فون کے ذریعے بات کرتے ہوئے کہا کہ 23 اپریل کو سرمچاروں نے ضلع کیچ میں مند کے علاقے کوہ ڈگار میں پاکستانی فوج کی دو گشتی گاڑیوں پر حملہ کیا۔ حملے کے بعد قابض فورسز نے سرمچاروں کا پیچھا کرنے کی کوشش کی تو سرمچاروں اور قابض فوج کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئیں۔ بہترین گوریلا حکمت عملی اپنا کر سرمچاروں نے پاکستانی فوج کو شکست دیکر پانچ فوجی اہلکار ہلاک اور چار زخمی کئے اور خود بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

گہرام بلوچ نے کہا کہ 24 اپریل کو سرمچاروں نے ضلع پنجگور کے تحصیل پروم میں گواش کے مقام پر ریاستی ڈیتھ اسکواڈ کے کارندوں پر حملہ کیا۔ ڈیتھ اسکواڈ کے کارندے ایک گاڑی میں سوار تھے۔ حملے کے بعد دو طرفہ فائرنگ سے ڈیتھ اسکواڈ کے مقامی سربراہ کمانڈر انور قلندر اور اس کا بیٹا کہدہ رحیم ہلاک ہوا ہے۔ حملے میں انور قلندر کا چھوٹا بیٹا عابد بھی ہلاک ہوا ہے، جس کا ہمیں بے حد افسوس ہے۔ حملے میں اس بیٹے کو بچانے کی بھرپور کوشش کی گئی مگر وہ محفوظ نہیں رہا ہے۔ اسے زخمی حالت میں ابتدائی طبی امداد دیکر ان کی بندوق و سامان ضبط کر لیے گئے۔ انہیں دو کلاشنکوف پاکستانی آرمی کی طرف سے دیئے گئے تھے جن پر ان کے نشان اور نمبر شمار درج ہیں۔ ڈیتھ اسکواڈ کے کارندے اپنے آقا فوجیوں سے سبق لیکر اپنے بچوں اور خواتین کو ڈھال کے طور پر بھی استعمال کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے ایسے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ یہ یقیناً سرمچاروں کی غلطی نہیں بلکہ ڈیتھ اسکواڈ کارندوں کی دانستہ پالیسی ہے۔

ریاستی ڈیتھ اسکواڈ کا کمانڈر انور قلندر سات سالوں سے پاکستانی فوج کے ساتھ مل کر بلوچ نسل کشی میں معاونت کر رہا تھا۔ پہلے وہ دوستو کے ڈیتھ اسکواڈ کے ساتھ تھا۔ دوستو بلوچ سرمچاروں کے ہاتھوں ہلاک ہوا۔ دو ہزار تیرہ میں انور قلندر نے سرمچاروں کے سامنے پیش ہوکر اپنی صفائی پیش کی لیکن وہ اپنی سیاہ کرتوتوں سے باز نہیں آیا، اور بلوچ دشمنی میں مسلسل پاکستان کا ساتھ دیتا رہا۔ دو سال پہلے ایک مسلح تنظیم نے اس کے بیٹے رحیم پر حملہ کیا مگر زخمی ہوکر زندہ بچ گیا، اس کا ایک منظم گروہ اور نیٹ ورک ہے ان کا ایک اہم کارندہ گزشتہ دنوں سرمچاروں نے گرفتار کیا ہے، اس سے تحقیق جاری ہے۔ انور قلند ر کئی بلوچوں کے اغوا، قتل سمیت فوجی آپریشنوں اور گھروں کو جلانے میں ملوث ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ہم عام عوام سے ایک دفعہ پھر اپیل کرتے ہیں کہ وہ ریاستی فوج، ڈیتھ اسکواڈ اور سرکاری املاک سے دور رہیں۔