بلوچستان کے مختلف علاقوں اور پاکستان کے شہر اسلام آباد سے ایک کم عمر طالب علم سمیت تین افراد کی جبری گمشدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، ضلع پنجگور کے علاقے پروم کے رہائشی 35 سالہ رحمدل بلوچ ولد محمد صالح کو 24 اکتوبر 2026 کو شام 4 بج کر 30 منٹ پر ایف سی کیمپ، پروم سے ایف سی اور ایم آئی اہلکاروں نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ رحمدل بلوچ پیشے کے اعتبار سے دکاندار ہیں۔
دوسرے واقعے میں کوئٹہ کے علاقے ایئرپورٹ روڈ، کلی عالم خان کے رہائشی 23 سالہ طالب علم حزب اللہ لانگو ولد عبدالغفور لانگو کو 12 جولائی 2026 کو سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ پر ایئرپورٹ روڈ سے سی ٹی ڈی اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کردیا۔
جبکہ تیسرے واقعے میں 15 سالہ طالب علم وقاص بلوچ ولد احسان اللہ، جو ڈیرہ غازی خان کا رہائشی ہے، کو 30 اکتوبر 2026 کو صبح 11 بجے اسلام آباد کے سینٹورس مال سے مبینہ طور پر سی ٹی ڈی اہلکاروں نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔


















































