بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات میں خاتون سمیت چار افراد جانبحق جبکہ تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روز کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر کھڈکوچہ کے علاقے بدرنگ کے مقام پر کوئٹہ سے قلات جانے والی سوزوکی وین اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت چار افراد جانبحق جبکہ خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
ٹریفک حادثے میں جانبحق ہونے والوں میں بی بی (س) دختر غلام حیدر محمد حسنی، محمد انور ولد غلام سرور محمد حسنی، ظہیر احمد ولد محمد یاسین زہری اور محمد ایوب ولد محمد یاسین زہری شامل ہیں، جن کا تعلق قلات سے ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں نور احمد ولد نیاز اللہ محمد حسنی ساکن قلات خیل، بی بی (ح) زوجہ غلام حیدر محمد حسنی ساکن مغلزئی، قلات، محمود احمد ولد غلام نبی، بی بی (ز) دختر غلام مصطفیٰ اور بی بی (م) دختر غلام حیدر شامل ہیں۔
ادھر بلوچستان کے ضلع بارکھان کے سرحدی علاقے بالا ڈھاکہ سے دو بھائیوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں گزشتہ روز نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور دونوں لاشوں کو تحویل میں لے لیا۔
دریں اثناء بلوچستان کے ساحلی علاقے وندر میں ڈام بندر لنک روڈ پر میانی سمندر کے قریب سڑک کنارے سے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق برآمد ہونے والی لاش ڈام بندر کے رہائشی نوجوان شہباز ولد عبدالستار کی ہے، تاہم واقعات کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔

















































