مچھ میں دو مزدا ٹرکوں اور مسافر وین کے درمیان تصادم، 7 افراد جاں بحق، 18 زخمی

51

کچھی، مچھ میں زمیندار ہوٹل کے قریب پل پر دو مزدا ٹرکوں اور مسافر وین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی جبکہ 18 افراد زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق۔

حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو سول ہسپتال مچھ منتقل کردیا گیا ہے، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ تشویشناک حالت میں زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب مچھ میں ایمبولینسز کی قلت کے باعث زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ہسپتال میں صرف ایک سرکاری ایمبولینس فعال ہے جبکہ دو ایمبولینسز خراب ہیں۔

ایمبولینسز کی عدم دستیابی کے باعث مقامی لوگ چندہ جمع کرکے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کرنے کے لیے نجی گاڑیاں کرائے پر حاصل کررہے ہیں۔

پولیس کے مطابق حادثہ پل پر دو مزدا ٹرکوں اور ایک مسافر وین کے درمیان تصادم کے باعث پیش آیا۔ دونوں مزدا ٹرکوں میں خانہ بدوش خاندان سوار تھے۔