پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت معطل، گورنر راج نافذ

35

پاکستان کےمرکزی کابینہ کی سفارش پر پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے ہنگامی حالت اور گورنر راج کی منظوری دے دی۔

پاکستان کی مرکزی حکومت نے خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف “پی ٹی آئی” کی صوبائی حکومت معطل کرکے گورنر راج نافذ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار، 11 اکتوبر کو پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد خیبر پختونخوا میں ہنگامی حالت اور گورنر راج نافذ کرنے کی سفارش کی گئی، جس کی صدر آصف علی زرداری نے منظوری دے دی۔

صدر کے ایوان سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ اقدام پاکستانی آئین کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت کیا گیا ہے، اس فیصلے کے نتیجے میں پی ٹی آئی کی زیرِ حکومت صوبے کا انتظام وفاق کی جانب سے مقرر کردہ گورنر کے تحت آگیا ہے۔

وفاقی حکومت نے اس اقدام کی وجہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں صوبائی حکومت کی مبینہ عدم دلچسپی کو قرار دیا ہے۔

یہ پیش رفت وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے دوران سامنے آئی ہے، پی ٹی آئی کے بانی اور سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر پارٹی اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ کررہی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے گورنر راج کے اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے اسے غیر قانونی قرار دیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس فیصلے سے صوبے میں سیاسی کشیدگی اور عدم استحکام مزید بڑھ سکتا ہے۔