جھاؤ میں پولیس چیک پوسٹ پر قبضہ، واشک میں لیویز اہلکار حراست میں

58

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مسلح افراد کی کارروائیوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن میں جھاؤ میں پولیس چیک پوسٹ کا کنٹرول سنبھالنے اور واشک میں لیویز فورس کے اہلکاروں کو حراست میں لیے جانے کا واقعہ شامل ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے چیک پوسٹ پر موجود اہلکاروں کو قابو کرنے کے بعد وہاں موجود اسلحہ اور دیگر سامان اپنے قبضے میں لے لیا۔ اس دوران چیک پوسٹ پر موجود ایک گاڑی اور متعدد موٹر سائیکلوں کو بھی نذرِ آتش کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد مسلح افراد نے علاقے میں ناکہ بندی کی۔ اسی دوران دو افراد، جن کی شناخت ظفر اور فیض کے نام سے ہوئی ہے، کو فائرنگ کرکے ہلاک کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

مقامی ذرائع ان دونوں افراد کو مبینہ طور پر ’’ڈیتھ اسکواڈ‘‘ سے وابستہ قرار دے رہے ہیں۔ حملہ آور مبینہ طور پر ہلاک ہونے والے افراد کا اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

دوسری جانب واشک میں بھی مسلح افراد کی جانب سے لیویز فورس کے اہلکاروں کو حراست میں لیے جانے کی اطلاع ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ اہلکار ٹیکس وصولی میں مصروف تھے جب مسلح افراد نے انہیں گرفتار کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے لیویز اہلکاروں کے زیرِ استعمال اسلحہ اور گاڑیوں کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔

واقعات کے متعلق حکام کا موقف تاحال سامنے نہیں آیا ہے ناہی ان کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول کی ہے۔