حب چوکی، خضدار، سوراب اور خاران سے پانچ لاشیں برآمد

67

بلوچستان کے مختلف علاقوں سے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خاران کے مختلف علاقوں زاروزئی اور سور بڑو سے دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، زاروزئی سے برآمد ہونے والی لاش کی شناخت غلام حیدر ولد شاہجان کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ سور بڈو سے ملنے والی مسخ شدہ لاش کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔

پولیس نے دونوں لاشوں کو شناخت اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا ہے۔

ادھر حب پولیس نے حب بائی پاس سے خضدار کے علاقے خیراوہ کے رہائشی فرید اللہ ولد علی احمد کی لاش برآمد کر لی ہے، جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز مقامی افراد نے خضدار کے آپک ڈیم سے ایک 17 سالہ نوجوان کی لاش برآمد کی، جسے شناخت کے لیے خضدار منتقل کردیا گیا ہے۔

مزید برآں سوراب سے نوجوان کی تشدد زدہ لاش برآمد کرلی گئی ہے، جس کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔