بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اہم شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں جبکہ فائرنگ اور جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضلع پنجگور کے علاقے چیدگی میں پاکستانی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب، قلات کے علاقے میں نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد کے ذریعے ایک پل کو نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں گزشتہ رات سے آر سی ڈی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ شاہراہ کی بندش کے باعث دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ادھر، ذرائع کے مطابق کھڈ کوچہ کے علاقے میں بھی فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے باعث اس مقام پر گزرنے والی شاہراہ کو بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
تاہم، سرکاری سطح پر اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ ناہی ان واقعات کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول کی ہے۔













































