بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں ایک خاتون کی گرفتاری اور بعد ازاں نامعلوم مقام پر منتقلی اطلاعات سامنے آئے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق معروف بلوچ افسانہ نگار ڈاکٹر حنیف شریف کی ہمشیرہ سید بی بی کو آج تربت کے علاقے شاہی تمپ سے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں نے حراست میں لیا۔ اطلاعات کے مطابق گرفتاری کے بعد انہیں کسی نامعلوم مقام پر منتقل گیا ہے۔
تاہم اس حوالے سے سرکاری سطح پر فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے رہنماؤں کو سنائی گئی عمر قید کی سزا کے خلاف کل تربت میں احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ تنظیم کی جانب سے احتجاجی ریلی میں کارکنوں اور شہریوں سے شرکت کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب، ممکنہ احتجاج کے پیش نظر تربت پولیس نے ضلع کیچ میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ حکام کے مطابق دفعہ 144 کے تحت عوامی اجتماعات، ریلیوں اور مظاہروں پر پابندی عائد ہوگی تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔













































