سیکورٹی حکام کا کراچی سے بلوچ مسلح تنظیم کے ارکان کی گرفتاری کا دعویٰ

140

کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائیاں، پانچ مشتبہ افراد کی گرفتاری کا دعویٰ

سیکورٹی حکام کے مطابق محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران کراچی کے دو مختلف مقامات سے پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گرفتار افراد میں عمران خان عرف شوکت، ظہیر احمد اور محمد ریاض شامل ہیں، جن کے بارے میں سیکورٹی حکام کا دعویٰ ہے کہ ان کا تعلق ایک بلوچ علیحدگی پسند تنظیم سے ہے۔

سیکورٹی فورسز نے ایک اور کارروائی میں حجت اللہ اور حبیب اللہ نامی دو دیگر مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران بعض گرفتار افراد پر حساس مقامات کی ریکی، بھتہ خوری اور دیگر مبینہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ایک ملزم پر بلوچستان کے علاقے گشکور میں 2024 کے دوران ہونے والے ایک دھماکے میں ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے۔

حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی کے دوران مذکورہ افراد سے پانچ پستول، متعدد گولیاں اور دو موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں، گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گرفتار افراد سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر مزید کارروائیوں کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر مشتبہ افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔