اسلام آباد: بلوچ طالب علم جبری لاپتہ

59

اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ایک بلوچ طالب علم کو جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں قائم فیڈرل میڈیکل کالج کے 25 سالہ طالب علم شایان مینگل کو 18 جون 2025 کو اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب سے پاکستانی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر دیا۔

شایان مینگل کا تعلق بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے احمد قاضی آباد سے ہے، اور وہ معروف قبائلی شخصیت حاجی امیر حمزہ مینگل کے صاحبزادے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، شایان اسلام آباد میں میڈیکل تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے وقت نہ تو کوئی قانونی وارنٹ دکھایا گیا اور نہ ہی کسی قسم کی وضاحت فراہم کی گئی۔

اہلِ خانہ نے بتایا کہ انہوں نے مختلف تھانوں اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا، تاہم کہیں بھی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی۔

اہلِ خانہ نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعظم اور انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شایان مینگل کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کریں۔