بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کل سے پورا ہفتہ بلوچستان بھر میں بلوچ راجی مچی کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی جائیں گی اور راجی سوگندی دیوان کا انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ تمام زون بھرپور طریقے سے شہداء کی یاد میں دیوان کی تیاری کریں اور شہداء کو بھرپور طریقے سے خراج عقیدت پیش کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچ راجی مچی پر ریاستی بربریت اور درندگی کے خلاف آج نویں روز بھی گوادر میں دھرنا جاری ہے۔
ترجمان نے کہاکہ بلوچ عوام تمام تر مشکلات اور ریاستی مظالم کے باوجود ہمت اور حوصلے کے ساتھ دھرنے کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بلوچ راجی مچی کی کامیابی نے بلوچستان میں عوامی مزاحمتی جدوجہد کو ایک قدم آگے بڑھایا ہے، لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ایک طویل اور کٹھن جدوجہد ہے جس میں مضبوط حوصلے اور اعلی شعور ہی اس جدوجہد کی کامیابی میں ہمیں مدد کرسکتے ہیں۔ ہم بلوچ عوام اوربلوچ یکجہتی کمیٹی کے کارکنان کو متوجہ کرتے ہیں کہ اس طویل اور صبر آزما جدوجہد کے لیے ذہنی اور فکری حوالے سے تیار ہونا ہی ہماری بنیادی ضرورت ہے اور یہی ہماری کامیابی کا ضامن بھی ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ راجی مچی کو ناکام بنانے کے لیے ریاست نے وحشت اور درندگی کی بدترین مثال قائم کی، لیکن ریاستی طاقت کے سامنے بلوچ عوام نے حوصلہ اور ہمت کی وہ اعلی مثال قائم کی جس سے ریاست اور اس کے تمام اداروں کو اس بات کا ادراک ہوچکا ہے کہ عوامی طاقت ہی اصل طاقت ہے۔ عوامی طاقت کے سامنے ریاستی طاقت صرف مٹی کا ڈھیر ہے۔
دریں اثنا آج بی وائی سی کی طرف ایکس میں ایک اسپیس کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ جس میں تنظیم کے مرکزی قیادت ، دانشور اور صحافی راجی مچی پر حکومتی کریک ڈاؤن اور بلوچستان کی صورتحال پر اظہار خیال کریں ۔