بی این ایم کا دی ہیگ میں بلوچ نوجوان کی ملک بدری کے خلاف احتجاجی

191

بلوچ نیشنل موومنٹ نے نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں پارلیمنٹ کے سامنے راشد احمد عرف فدا بلوچ کی ملک بدری کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی، مظاہرین نے ڈچ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے کیس کا فوری جائزہ لیں۔ 

بی این ایم کے مطابق اس مظاہرے کا مقصد ڈچ حکام، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری کی توجہ راشد احمد کی ملک بدری کے حالات کی جانب مبذول کرانا تھا۔

اس موقع پر مقررین نے کیس کی سنگینی پر زور دیا اور کہا کہ اسے نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے، انھوں نے نیدرلینڈز سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک بدری کے معاملات میں انسانی حقوق سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کرے، اور کہا کہ ایسے فیصلوں میں متعلقہ افراد کی سلامتی اور تحفظ کو مدنظر رکھنا لازمی ہے۔

ریلی کے دوران بی این ایم نے نیدرلینڈز کے وزیر برائے پناہ و ہجرت، بارٹ فان ڈین برنک کو ایک باضابطہ عرضداشت بھی پیش کی، عرضداشت میں ڈچ حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ راشد احمد عرف فدا بلوچ کے کیس کا فوری جائزہ لے اور یقینی بنائے کہ ان کی سلامتی، بنیادی حقوق اور تحفظ کو مناسب اہمیت دی جائے۔