بلوچستان کے ضلع کیچ اور مستونگ سے چار افراد کی جبری گمشدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ کیچ کے علاقے سرنکن سے ایک شخص کی بازیابی کی اطلاع ہے۔
تفصیلات کے مطابق 17 اکتوبر 2026 کو ضلع کیچ کے علاقے تربت، آپسر میں ایک ہی گھر سے دو طالب علموں، طیب ناصر ولد حاجی ناصر، عمر 24 سال، اور پزیر ناصر ولد حاجی ناصر، عمر 28 سال، کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا ۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق دونوں کو شام 5 بجے گھر سے لے جایا گیا۔ پزیر ناصر اس سے قبل بھی تین مرتبہ جبری گمشدگی کا شکار ہو چکے ہیں اور یہ ان کی چوتھی مرتبہ جبری گمشدگی ہے۔ ان کا مستقل تعلق گلی بلیدہ، ضلع کیچ سے ہے۔
دوسرے واقعے میں 15 اکتوبر 2026 کو ضلع مستونگ کے علاقے سراوان ٹاؤن دو بھائیوں، عزت اللہ بلوچ ولد عبدالرازق، عمر 27 سال، اور آصف بلوچ ولد عبدالرازق، عمر 25 سال، کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا۔ دونوں پیشے کے لحاظ سے مکینک ہیں۔
دریں اثنا، ضلع کیچ کے علاقے سرنکن سے مراد جان ولد قادر بخش کی بازیابی کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق انہیں 14 اکتوبر 2026 کو لاپتہ کیا گیا تھا اور 15 اکتوبر کو گھر کے قریب سے بازیاب کر لیا گیا۔


















































