کوئٹہ: جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج جاری

12

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6353ویں روز بھی جاری رہا۔

احتجاجی کیمپ میں جبری طور پر لاپتہ ریاض ساتکزئی کے والدین نے شرکت کی۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ریاض ساتکزئی کو رواں سال مئی میں ایف سی چیک پوسٹ ڈیگاری کراس، دشت، ضلع مستونگ سے اہلکاروں نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، تاہم تاحال ان کے بارے میں اہلِ خانہ کو کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہی، جس کے باعث خاندان شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہے۔

ریاض ساتکزئی کے والدین نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ ان کے بیٹے کی فوری بازیابی کو یقینی بنائیں اور انہیں اہلِ خانہ کے حوالے کیا جائے۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ ریاض ساتکزئی کا کیس تنظیمی سطح پر کمیشن اور صوبائی حکومت کو فراہم کیا جا چکا ہے۔ کمیشن نے کیس کو باقاعدہ نمبر الاٹ کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور متعلقہ اداروں کو ان کی بازیابی کے حوالے سے نوٹسز بھی جاری کیے ہیں۔

انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ریاض ساتکزئی سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کی بازیابی یقینی بنائی جائے اور جبری گمشدگیوں کا سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے۔