دکی: تعمیراتی کمپنی پر حملہ، سیکورٹی گارڈ ہلاک، 12 کمپنی اہلکار اغواء

202
فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع دکی میں نانا صاحب زیارت کے علاقے پلڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی گارڈ ہلاک اور دو افراد زخمی ہو گئے، جبکہ مسلح افراد 12 مزدوروں کو اغوا کر کے اپنے ہمراہ لے گئے۔

پولیس کے مطابق 40 سے 45 کے قریب مسلح شرپسندوں نے ایس ایم سی کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر دھاوا بولا، مسلح افراد نے مزدوروں کے شناختی کارڈ چیک کیے اور 12 مزدوروں کو اغوا کر لیا۔ اغوا ہونے والے مزدوروں میں سے 10 کا تعلق صوبہ پنجاب، ایک کا مقامی علاقے اور ایک کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں کمپنی کا ایک سیکیورٹی گارڈ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ ایک راہگیر سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔ حملہ آوروں نے جاتے ہوئے کیمپ میں موجود بھاری مشینری اور 4 گاڑیوں کو بھی نذرِ آتش کر دیا۔