بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے ایک 18 سالہ طالب علم کو کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے جبری طور پر لاپتہ کر دیا، جبکہ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی رہائی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کلی لوہار کاریز، سریاب روڈ کے رہائشی 18 سالہ طالب علم تحسین بلوچ ولد موسیٰ خان کو 24 نومبر 2026 کی رات ساڑھے بارہ بجے سی ٹی ڈی اہلکاروں نے ان کے گھر سے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، جس کے بعد سے ان کے حوالے سے کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
دوسری جانب تین افراد کی بازیابی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ان میں کوئٹہ کے علاقے کلی قمبرانی، قمبرانی روڈ کے رہائشی بابا جان ولد محمد جان شامل ہیں، جنہیں 10 فروری 2026 کو حراست میں لیا گیا تھا اور وہ 24 نومبر 2026 کو کوئٹہ سے رہا ہوئے۔
اسی علاقے کے رہائشی عرفان ولد کمال دین کو 22 جنوری 2026 کو حراست میں لیا گیا تھا، جو 24 نومبر 2026 کو کوئٹہ سے بازیاب ہوئے۔
جبکہ ضلع مستونگ کے علاقے کلی ریکی کے رہائشی شوکت ولد محمد نور کو 3 اگست 2026 کو حراست میں لیا گیا تھا، جو 24 نومبر 2026 کو کوئٹہ سے رہا ہوئے۔



















































