ایک منفرد انٹرویو میں، بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے اپنی کمانڈر کے طور پہ شناخت کی جانے والی شہناز بلوچ مسلح مزاحمت میں خواتین کے کردار، شہری جدوجہد اور بلوچستان کے مستقبل کے بارے میں اپنا مؤقف پیش کرتی ہیں۔
جب ایک ویڈیو منظرِ عام پر آئی جس میں شہناز بلوچ فوجی طرز کی وردی میں ملبوس، بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑی پس منظر میں مسلح خواتین کے جھرمٹ کے درمیان کیمرے سے مخاطب تھیں، تو اس نے فوری طور پر پاکستان اور اس سے باہر بھی توجہ حاصل کی۔ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے انہیں اپنے ایک کمانڈر کے طور پر متعارف کرایا، جن کا جنگی نام “سدو” بتایا گیا، اور انہیں تنظیم کے اندر اس قدر نمایاں قیادتی کردار کو اعلانیہ طور پر سنبھالنے والی پہلی خاتون سمجھا جاتا ہے.
ان کا منظرِ عام پر آنا ایسے وقت میں ہوا ہے جب بلوچستان میں شہری اور مسلح مزاحمت کی مختلف صورتوں کے درمیان بڑھتا ہوا امتزاج دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ایک جانب، ماہ رنگ بلوچ اور سمی دین بلوچ جیسی شخصیات کی قیادت میں بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) جیسی تحریکوں نے جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، اور روزمرہ زندگی کی شدید عسکریت کاری کی جانب بین الاقوامی توجہ مبذول کرائی ہے۔ دوسری جانب، مسلح تنظیموں کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ شیناز بلوچ ان دونوں دھاروں کے سنگم پر کھڑی نظر آتی ہیں؛ ایک سیاسی شعور رکھنے والی خاتون، جنہوں نے بلوچ قومی تحریک کے وسیع تر دائرۂ کار سے آگے بڑھتے ہوئے براہِ راست عسکری قیادت کی ذمہ داری سنبھالی ہے۔
عشروں سے ریاست اور بیرونی دنیا کے ایک بڑے حصے نے بلوچ مسئلے کو قبائلیت، پسماندگی یا بیرونی مداخلت کے زاویے سے پیش کیا ہے۔ بالخصوص بلوچ خواتین کو اکثر محض متاثرہ فریق کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ شیناز بلوچ کا منظرِ عام پر آنا اس بیانیے کو چیلنج کرتا ہے۔ وہ خود کو محض سوگوار کے کردار تک محدود رکھنے سے انکار کرتی ہیں۔ اس کے برعکس، وہ خود کو جدوجہد کی سمت متعین کرنے میں ایک فعال کردار ادا کرنے والی شخصیت کے طور پر پیش کرتی ہیں۔
یہ انٹرویو ایک ایسی خاتون کی فکر، نظریات اور مؤقف کو براہِ راست سمجھنے کا ایک کم یاب موقع فراہم کرتا ہے، جو شہری جدوجہد سے آگے بڑھ کر مسلح مزاحمت کی قیادت تک پہنچی ہیں، ایسے وقت میں جب بلوچستان کا تنازع مزید شدت اختیار کرتا جا رہا ہے.
سوال: آپ ایک بڑی بلوچ مسلح تنظیم کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون ہیں۔ آپ کے ذاتی سفر نے آپ کو اس مقام تک کیسے پہنچایا؟
جواب: اس سوال کا جواب دینے کے لیے ہمیں ہیگل کے بیگانگی (Entfremdung) کے تصور کو سمجھنا ہوگا۔ ہیگل کے مطابق انسان اپنی حقیقی شناخت تنہائی میں دریافت نہیں کرتا، بلکہ خود کو تاریخ کے وسیع تر دھارے میں رکھ کر اپنی اصل ہستی تک پہنچتا ہے۔ میری قیادت تک رسائی کسی ایک غیر معمولی واقعے، اچانک انکشاف یا کسی منفرد صدمے کا نتیجہ نہیں تھی۔ محکومی کوئی ایسا خارجی واقعہ نہیں جو کسی ایک لمحے میں آپ پر وارد ہو؛ قبضے کے زیرِ سایہ یہ ایک ساختی حقیقت ہوتی ہے جو پیدائش ہی سے انسان کے وجود کا حصہ بن جاتی ہے۔
ایک محکوم فرد کے لیے حقیقی شعور اس وقت جنم لیتا ہے جب وہ یہ ادراک کر لیتا ہے کہ نوآبادیاتی تسلط کے تحت محض زندہ رہنا بھی خود اپنی ذات سے بیگانگی کی ایک صورت ہے۔ اس لیے مسلح جدوجہد کوئی اچانک اختیار کیا جانے والا فیصلہ نہیں، بلکہ انسان کی اپنی باطنی حقیقت کے ساتھ آخری مفاہمت ہے۔ یہ اس ادراک کا نام ہے کہ اپنی حقیقی حیثیت میں زندہ رہنے کے لیے مزاحمت ناگزیر ہے۔
میرا ایک حامی سے کمانڈر بننے تک کا سفر اسی شعور کا فطری ارتقا تھا۔ بلوچستان کی آزادی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک اس کی نصف آبادی تاریخ کی محض تماشائی بنی رہے۔ خواتین مسلح جدوجہد میں صرف کسی عددی ضرورت پوری کرنے یا معاون کردار ادا کرنے کے لیے شامل نہیں ہو رہیں، بلکہ ہم اپنی قوم کی تقدیر کے تعین میں اپنا تاریخی اختیار اور فعال کردار دوبارہ اپنے ہاتھ میں لے رہی ہیں۔
سوال: خواتین کو جبری گمشدگیوں، تشدد اور احتجاج کرنے والوں پر حملوں کے ذریعے ریاست کی جانب سے منظم انداز میں نشانہ بنائے جانے نے آپ کے اس فیصلے پر کس حد تک اثر ڈالا کہ آپ بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی طرح صرف شہری جدوجہد تک محدود رہنے کے بجائے مسلح جدوجہد کا راستہ اختیار کریں؟
جواب: سب سے پہلے ہمیں ایک رائج تاریخی مغالطے کی اصلاح کرنا ہوگی: بلوچ خواتین کبھی بھی محض خاموش تماشائی نہیں رہیں۔ خواہ مسلح محاذ ہو یا غیر مسلح سیاسی میدان، خواتین ہمیشہ ہماری قومی آزادی کی تحریک کی بنیادی قوت رہی ہیں۔ ایک کمانڈر کے طور پر میری موجودگی کوئی اچانک یا غیر معمولی واقعہ نہیں، بلکہ ان ہزاروں گمنام بلوچ خواتین کی جدوجہد کا فطری ارتقائی تسلسل ہے، جنہوں نے دہائیوں تک خاموشی سے اس تحریک کی بنیادیں استوار کیں۔
میں اس مردسالارانہ اور یورومرکز تجزیاتی زاویۂ نظر کو مسترد کرتی ہوں جو خواتین کی مزاحمت کو محض “صدمے کے ردِعمل” تک محدود کر دیتا ہے۔ غالب بیانیہ یہ فرض کر لیتا ہے کہ کوئی خاتون صرف اس وقت ہتھیار اٹھاتی ہے جب ذاتی غم، یا کسی مرد رشتہ دار کی ہلاکت یا گمشدگی اسے اس مقام تک پہنچا دے۔ یہ ایک تحقیر آمیز اور سرپرستانہ تصور ہے۔
مسلح مزاحمت میں قیادت کی ذمہ داری سنبھالنے کا میرا فیصلہ کسی ریاستی ظلم پر جذباتی یا فوری ردِعمل نہیں، بلکہ ایک سوچا سمجھا، فکری اور نظریاتی فیصلہ ہے۔ اگرچہ بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) جیسے شہری محاذ سڑکوں پر ریاست کی اخلاقی ناکامی کو بے نقاب کرتے ہیں، مگر ریاستی تشدد میں مسلسل اضافہ اس حقیقت کو بھی آشکار کرتا ہے کہ صرف پُرامن اختلافِ رائے ایک بھاری ہتھیاروں سے لیس نوآبادیاتی ریاستی ڈھانچے کو ختم کرنے کے لیے کافی نہیں۔
سوال: ہم نے حالیہ عرصے میں مختلف کارروائیوں، بشمول مجید بریگیڈ کے فدائی حملوں، میں خواتین کی شرکت میں نمایاں اضافہ دیکھا ہے۔ آپ اس تبدیلی کی کیا تشریح کرتی ہیں؟ کیا یہ پُرامن سیاسی راستوں کے مسدود ہو جانے کا ردِعمل ہے، ایک تزویراتی انتخاب، یا دونوں؟ اور ایک مسلح خاتون بلوچ معاشرے اور پاکستانی ریاست کو کیا پیغام دیتی ہے؟
جواب: اس معیاری تبدیلی کے تین نمایاں پہلو ہیں۔ پہلا سیاسی اور ساختی نوعیت کا ہے۔ پاکستانی ریاست نے بلوچ خودمختاری کا مطالبہ کرنے والی ہر پُرامن اور جمہوری سیاسی آواز کو منظم انداز میں جرم قرار دے کر اس کے تمام راستے مسدود کر دیے ہیں۔ جب پُرامن سیاسی جدوجہد کو غیر مؤثر بنا دیا جائے اور اس کا جواب جبری گمشدگیوں کی صورت میں دیا جائے تو مسلح مزاحمت محض ایک انتخاب نہیں رہتی، بلکہ بقا کا واحد قابلِ عمل راستہ بن جاتی ہے۔
باقی دو پہلو خود بلوچ معاشرے کے اندر رونما ہونے والی گہری اور ترقی پسند تبدیلیوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ گزشتہ پچیس برسوں کے دوران ہماری قومی آزادی کی تحریک نے نہ صرف قابض ریاست کو مسلسل چیلنج کیا ہے بلکہ بلوچ قبائلی معاشرے کی ان فرسودہ، مردسالارانہ اور جاگیردارانہ ساختوں کو بھی بتدریج کمزور کیا ہے جنہوں نے تاریخی طور پر خواتین کو محدود رکھا تھا۔ اس انقلابی عمل نے اختیار کو زیادہ وسیع بنیادوں پر منتقل کیا ہے، اور بلوچ خواتین کو میدانِ جنگ میں قدم رکھنے سے پہلے ہی داخلی سطح پر بااختیار بنایا ہے۔
دوسرا، نوجوان بلوچ خواتین میں تعلیم کے فروغ اور فکری بیداری میں اضافے نے ایک پختہ سیاسی شعور کو جنم دیا ہے۔ ایک مسلح خاتون دوہرا پیغام دیتی ہے۔ پاکستانی ریاست کے لیے وہ اس حقیقت کی علامت ہے کہ نوآبادیاتی طرزِ حکمرانی بلوچ معاشرے کو خوف کے ذریعے سرنگوں کرنے میں ناکام رہی ہے؛ جبکہ بلوچ معاشرے کے لیے وہ اس امر کی نمائندگی کرتی ہے کہ خواتین کی مکمل آزادی کے بغیر قومی آزادی بھی مکمل نہیں ہو سکتی۔
سوال: بعض مبصرین کو یہ خدشہ ہے کہ خواتین اپنی آزادانہ مرضی سے نہیں بلکہ بے بسی کے باعث فدائی کارروائیوں کا حصہ بن رہی ہیں۔ آپ اس تاثر کو کس نظر سے دیکھتی ہیں؟ نیز مجید بریگیڈ، یا وسیع تر معنوں میں بلوچ لبریشن آرمی، یہ کیسے یقینی بناتی ہے کہ خواتین کی شمولیت جبر یا محض انتقام کے بجائے رضاکارانہ اور سیاسی یقین پر مبنی ہو؟
جواب: یہ تاثر کہ بلوچ خواتین کو فدائی کارروائیوں میں “شامل کیا جا رہا ہے” یا “دھکیلا جا رہا ہے”، بنیادی طور پر ایک جنس پرستانہ مفروضہ ہے۔ یہ تجزیاتی معیار کا ایسا دوہرا پن ہے جس کا اطلاق بین الاقوامی مبصرین شاذ و نادر ہی مردوں پر کرتے ہیں۔ جب کوئی مرد جنگجو کسی انتہائی خطرناک کارروائی کے لیے رضاکارانہ طور پر خود کو پیش کرتا ہے تو اسے ایک ایسے سپاہی کے طور پر دیکھا جاتا ہے جو اپنے نظریاتی یقین اور آزادانہ ارادے کے تحت فیصلہ کر رہا ہے۔ لیکن جب ایک خاتون یہی انتخاب کرتی ہے تو مردسالارانہ نقطۂ نظر فوراً اس کے پیچھے کسی مرد کی رہنمائی، جذباتی کمزوری یا جبر کی تلاش شروع کر دیتا ہے۔
ایک مرد کمانڈر کو محض کمانڈر کہا جاتا ہے، مگر مجھے مسلسل خاتون کمانڈر کے طور پر پکارا جاتا ہے۔ آخر ایک عورت کے سیاسی شعور کو بار بار کسوٹی پر کیوں پرکھا جاتا ہے؟ خواتین بھی نوآبادیاتی قبضے کا بوجھ اسی شدت سے اٹھاتی ہیں جس طرح مرد۔ اگر نوآبادیاتی نظام کے ساختی مظالم ایک مرد کو ہتھیار اٹھانے پر آمادہ کر سکتے ہیں تو پھر یہ تسلیم کرنا اتنا دشوار کیوں ہے کہ ایک عورت بھی اسی فکری نتیجے تک پہنچ سکتی ہے؟
بلوچ لبریشن آرمی اور مجید بریگیڈ میں کسی بھی عملی یونٹ، بالخصوص فدائی ونگز، میں شمولیت ایک طویل اور سخت نظریاتی جانچ اور سیاسی تربیت کے عمل سے مشروط ہوتی ہے۔ ہمارے جنگجوؤں کے فیصلوں کی بنیاد اندھا انتقام یا جبر نہیں، بلکہ ایک پختہ اور گہرا سیاسی شعور ہوتا ہے۔
سوال: بلوچ یکجہتی کمیٹی اور اس کی رہنما شخصیات، جیسے ماہ رنگ بلوچ اور سمی دین بلوچ، نے پُرامن مارچوں اور دھرنوں کے ذریعے بلوچستان کے مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر نمایاں کیا ہے۔ آپ اس شہری محاذ اور مسلح مزاحمت کے درمیان تعلق کو کس نظر سے دیکھتی ہیں؟
جواب: ہر سیاسی شعور رکھنے والا بلوچ ایک بنیادی حقیقت پر متفق ہے کہ قبضے کے خلاف مزاحمت ایک غیر متزلزل قومی فریضہ ہے۔ یہ مزاحمت شہری جدوجہد کی صورت اختیار کرے یا مسلح جدوجہد کی، اس کا انحصار مکمل طور پر فرد کے مخصوص حالات، مادی حقائق اور جدوجہد میں اس کی تزویراتی حیثیت پر ہوتا ہے۔ شہری محاذ اور مسلح مزاحمت، دونوں ایک ہی شعور سے جنم لیتے ہیں۔ یہ دو الگ دھارے ضرور ہیں، مگر دونوں کا رخ ایک ہی تاریخی مقصد کی جانب ہے، یعنی بلوچستان کی آزادی۔
تاہم، ہمیں اپنے مدِمقابل کی نوعیت کو بھی حقیقت پسندانہ انداز میں سمجھنا ہوگا۔ فرانز فینن کے بقول، نوآبادیات کوئی ایسا نظام نہیں جو عقل و استدلال کے مطابق عمل کرتا ہو؛ وہ اپنی فطرت میں خود تشدد ہے، اور صرف اس وقت پسپا ہوتا ہے جب اسے زیادہ منظم قوت کا سامنا کرنا پڑے۔
پُرامن شہری مارچ اور احتجاجی تحریکیں عوامی بیداری پیدا کرنے اور ریاستی مظالم کو دستاویزی شکل دینے میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں، مگر وہ ایسے دائرۂ عمل میں کام کرتی ہیں جسے نوآبادیاتی ریاست اکثر نظرانداز کر دیتی ہے یا بلا خوف و احتساب طاقت کے ذریعے کچل دیتی ہے۔
سوال: دنیا اب بھی بڑی حد تک بلوچستان کو نظرانداز کرتی ہے یا مزاحمت کو محض “دہشت گردی” کے زاویے سے دیکھتی ہے۔ ایسے میں آپ اُن حکومتوں، کارپوریشنز اور بین الاقوامی اداروں کو کیا پیغام دینا چاہیں گی جو بلوچستان کو وسائل کے حصول کے ایک خطے میں تبدیل کیے جانے کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری یا اسے عسکری معاونت فراہم کر رہے ہیں؟ کیا آپ سمجھتی ہیں کہ بلوچ جدوجہد حقیقی بین الاقوامی قبولیت حاصل کر سکتی ہے؟
جواب: موجودہ عالمی نظام میں “جواز” یا “قانونی و اخلاقی حیثیت” کا تصور بنیادی طور پر محلِ نظر ہے۔ جن ریاستوں اور بین الاقوامی اداروں کے ہاتھ میں دوسروں کو جواز عطا کرنے کا اختیار سمجھا جاتا ہے، وہ خود بھی اکثر عالمی استحصال، وسائل کی لوٹ مار اور غیر قانونی قبضوں میں شریک رہے ہیں۔ بلوچ قومی تحریک اپنی اخلاقی توثیق کے لیے بیرونی قوتوں کی محتاج نہیں۔ ہمارے جواز کی بنیاد ایک تاریخی حقیقت ہے: بلوچستان پر زبردستی اور غیر قانونی طور پر قبضہ کیا گیا، اور بین الاقوامی قانون کسی بھی مقبوضہ قوم کے حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کے حق کو تسلیم کرتا ہے۔
مزید یہ کہ معاصر سیاسیات میں “دہشت گردی” کی اصطلاح کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کیے جانے کی حقیقت بڑی حد تک آشکار ہو چکی ہے۔ یہ ایک فرسودہ بیانیاتی حربہ ہے جس کے ذریعے ریاستیں مقامی قومی آزادی کی تحریکوں کو غیر معتبر ثابت کرنے کی کوشش کرتی ہیں، جبکہ اپنی سرپرستی میں ہونے والے ریاستی تشدد اور نسل کشی پر پردہ ڈالتی ہیں۔
ہمیں بیرونی دارالحکومتوں کو مطمئن کرنے کے لیے تعلقاتِ عامہ کی کوئی جنگ نہیں لڑنی۔ بین الاقوامی تعلقات میں ریاستیں اور کارپوریشنیں اپنے فیصلے اخلاقی پاکیزگی کی بنیاد پر نہیں بلکہ حقیقت پسندانہ سیاست (Realpolitik) اور زمینی حقائق کے مطابق کرتی ہیں، اور عموماً اسی فریق کے ساتھ صف بندی کرتی ہیں جو میدان میں مؤثر حیثیت رکھتا ہو۔ ہمارا یقین ہے کہ ہم عالمی رائے کو اپیلوں کے ذریعے نہیں بلکہ اپنی تزویراتی کامیابیوں کے ذریعے تبدیل کریں گے، اور اپنی آزادی کو ایک ایسی جغرافیائی و سیاسی حقیقت بنا دیں گے جسے نظرانداز کرنا ممکن نہیں رہے گا۔
سوال: ایک خاتون کمانڈر کی حیثیت سے، جو ایک طرف عسکری قیادت کی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں اور دوسری طرف ان ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی میراث بھی اپنے ساتھ لیے ہوئے ہیں جنہوں نے جبری گمشدگیوں اور نقصانات کا سامنا کیا، آپ بالآخر کس طرح کے بلوچستان کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں؟ اگلی نسل کی بلوچ خواتین اور بچوں کے لیے فتح کیسی دکھائی دے گی؟
جواب: میں اس تصور کی قائل نہیں جسے سیاسی نظریہ دان “بارِ نمائندگی” (burden of representation) کہتے ہیں۔ میں بلوچ لبریشن آرمی کی ایک کمانڈر ہوں، بس۔ میرے مرد ساتھیوں سے کبھی یہ توقع نہیں کی جاتی کہ وہ اپنے باپ، بھائیوں یا بیٹوں کے اجتماعی جذباتی بوجھ کی نمائندگی کریں؛ انہیں محض ایک حکمتِ عملی مرتب کرنے والے اور سپاہی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ میں بھی اس بات کو قبول نہیں کرتی کہ میری قیادت کو جذباتی رنگ دے کر اسے محض مادری غم کے اظہار تک محدود کر دیا جائے۔
ہم جس بلوچستان کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، وہ ایسا معاشرہ ہے جہاں اس نوع کی محدود کرنے والی تقسیمات اور بوجھ اپنا وجود کھو دیں۔ ہمارا مقصد صرف پاکستانی حکمران اشرافیہ کی جگہ ایک مقامی بلوچ اشرافیہ کو بٹھانا نہیں، اور نہ ہی صرف نقشے پر ایک نئی سرحد کھینچ دینا ہے۔ ہماری جدوجہد ایک گہری سماجی اور سیاسی تبدیلی کے لیے ہے۔
ہمارے نزدیک فتح کا مطلب ایک ایسی مساوات پر مبنی، سیکولر جمہوریہ کا قیام ہے جس کی بنیاد مکمل انصاف، صنفی آزادی اور قومی وسائل پر عوام کی اجتماعی ملکیت پر استوار ہو۔ اس کا مطلب ایک ایسا مستقبل تعمیر کرنا ہے جہاں کسی بلوچ بچے کی شناخت پر قبضے، غربت اور جنگ کے تاریخی زخموں کی نہیں، بلکہ اس کی فکری صلاحیتوں اور انسانی امکانات کی چھاپ ہو۔ ہماری جدوجہد اپنی عزت و وقار کی مکمل اور غیر مشروط بازیافت کے لیے ہے۔
ادارتی نوٹ
بلوچستان کا تنازع ایک نئے اور اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
اگرچہ بین الاقوامی توجہ کا زیادہ تر مرکز بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) اور اس کی نمایاں رہنما شخصیات، مثلاً ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور سمی دین بلوچ، کی پُرامن عوامی مہمات رہی ہیں، تاہم مسلح شورش کے اندر رونما ہونے والی پیش رفت کا نسبتاً کم آزادانہ جائزہ لیا گیا ہے۔ شیناز بلوچ کا منظرِ عام پر آنا—جنہیں بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے اپنے ایک کمانڈر کے طور پر متعارف کرایا ہے اور جنہیں تنظیم میں اس درجے کی عسکری عملیاتی قیادت اعلانیہ طور پر سنبھالنے والی پہلی خاتون سمجھا جاتا ہے—اس تنازع میں ایک اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتا ہے اور بلوچستان میں مزاحمت کی بدلتی ہوئی نوعیت کے بارے میں اہم سوالات کو جنم دیتا ہے۔
Parrhesia News کا ماننا ہے کہ صحافت کی بنیادی ذمہ داری ان تمام پہلوؤں کا جائزہ لینا ہے جو علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی پر اثرانداز ہونے والے تنازعات کی تشکیل کرتے ہیں۔ کسی مسلح تحریک کو سمجھنے کی کوشش اس کے طریقۂ کار کی تائید کے مترادف نہیں، اور نہ ہی اس میں شامل افراد کے مؤقف کو رپورٹ کرنا ان کی حمایت تصور کیا جانا چاہیے۔ بلکہ یہ اس بنیادی صحافتی اصول کی عکاسی کرتا ہے کہ قارئین کو حقائق تک رسائی اس وقت بہتر طور پر حاصل ہوتی ہے جب انہیں براہِ راست متعلقہ آوازوں کے ساتھ جامع رپورٹنگ اور سیاقی تجزیہ بھی فراہم کیا جائے۔
یہ انٹرویو اس مقصد کے تحت کیا گیا کہ قارئین کو ایک ایسی مسلح تحریک کی نمایاں شخصیت کے سیاسی افکار، محرکات اور نظریاتی استدلال سے براہِ راست اور نسبتاً کم یاب آگاہی حاصل ہو سکے، جس تک بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رسائی بڑی حد تک محدود رہی ہے۔ اس انٹرویو میں اظہار کیے گئے تمام خیالات صرف انٹرویو دینے والی شخصیت کے ہیں اور انہیں Parrhesia News، اس کے مدیران یا معاون مصنفین کا مؤقف تصور نہیں کیا جانا چاہیے۔
مسلح تنازعات سے متعلق دیگر تمام صحافتی مواد کی طرح، قارئین کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اس انٹرویو کو حکومتوں، آزاد مبصرین، انسانی حقوق کی تنظیموں اور علمی و تحقیقی اداروں کی رپورٹوں کے ساتھ ملا کر پڑھیں، تاکہ جنوبی ایشیا کے سب سے طویل اور نسبتاً کم سمجھے جانے والے تنازعات میں سے ایک کے بارے میں جامع فہم حاصل کی جا سکے۔
نوٹ: یہ انٹرویو صحافی فرانچیسکا مارینو نے کی ہے جو پارہیسیا نیوز میں انگریزی میں شائع ہوا ہے۔ ہم اپنے قارئین کے لیے اسے بغیر کسی ترمیم کے اردو ترجمے کے ساتھ پیش کر رہے ہیں۔

















































