زیندین زیدان فرانس کی قومی فٹبال ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر

0

فرانس کے سابق عظیم فٹبالر زیندین زیدان کو باضابطہ طور پر فرانس کی قومی فٹبال ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ فرانسیسی فٹبال فیڈریشن (FFF) نے منگل کو ان کی تقرری کی منظوری دی، جبکہ زیدان نے چار سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

پیرس میں فرانسیسی فٹبال فیڈریشن کے ہیڈکوارٹر میں ہونے والی تقریب میں زیدان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں شائقین اور میڈیا نمائندے موجود تھے۔

فرانسیسی فٹبال فیڈریشن کے صدر فلپ دیالو نے کہا کہ زیندین زیدان فرانسیسی فٹبال کی عظیم شخصیات میں سے ایک ہیں اور قومی ٹیم کی کوچنگ ان کا دیرینہ خواب تھا۔ انہوں نے کہا کہ زیدان کی شخصیت، تجربہ اور مقبولیت انہیں اس ذمہ داری کے لیے موزوں بناتی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زیدان نے کہا کہ فرانس کی قومی ٹیم کی کوچنگ ہی ان کی اولین ترجیح تھی۔ ان کے مطابق گزشتہ چار سے پانچ برسوں میں انہیں مختلف کلبوں کی جانب سے پیشکشیں موصول ہوئیں، تاہم انہوں نے تمام پیشکشیں مسترد کر دیں کیونکہ وہ صرف فرانس کی ٹیم کی کوچنگ کرنا چاہتے تھے۔

زیدان نے کہا، “میں اس موقع پر بہت جذباتی ہوں۔ یہ میری کوچنگ کیریئر کا سب سے بڑا دن ہے اور میں اس نئے چیلنج کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں۔

انہوں نے ٹیم کے مستقبل کے منصوبوں پر زیادہ تفصیل سے بات نہیں کی، تاہم کہا کہ وہ پہلے کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے اور اس کے بعد ٹیم کی حکمت عملی طے کریں گے۔ کپتان کی ذمہ داری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر بھی انہوں نے فوری فیصلہ دینے سے گریز کیا۔

زیندین زیدان آئندہ ماہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جبکہ ان کے کوچنگ اسٹاف کا اعلان چند ہفتوں میں متوقع ہے۔ ان کا پہلا بین الاقوامی میچ ستمبر کے آخر میں ترکی کے خلاف ہوگا، جبکہ بطور ہیڈ کوچ ان کا پہلا ہوم میچ اٹلی کے خلاف کھیلا جائے گا۔