فیفا ورلڈ کپ: جرمنی نے کوراساؤ کو 7-1 سے روند دیا، سوئیڈن کی تیونس پر بڑی فتح، جاپان اور نیدرلینڈز برابر

40

فٹبال ورلڈ کپ کے چوتھے روز دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آئے، جہاں سوئیڈن نے تیونس کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی۔ سوئیڈن کی جانب سے ایاری نے دو گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

دوسری جانب جاپان اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا جانے والا میچ انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد دو، دو گول سے برابر ختم ہوا۔ دوسرے ہاف کے چھٹے منٹ میں نیدرلینڈز کے کپتان ورجل وین ڈائیک نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، تاہم صرف چھ منٹ بعد جاپان کے کیٹو ناکامورا نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

میچ کے 64ویں منٹ میں نیدرلینڈز کے کرائی سینسیو نے ایک بار پھر گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی، لیکن جاپان نے ہمت نہ ہاری اور مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ بالآخر 89ویں منٹ میں ڈیچی کامادا نے گول کرکے جاپان کو شکست سے بچا لیا اور مقابلہ دو، دو گول سے برابر ختم ہوگیا۔

ایونٹ کے ایک اور میچ میں آئیوری کوسٹ نے ایکواڈور کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔

ادھر جرمنی نے ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ شریک ہونے والی کوراساؤ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں سات گول سے شکست دے کر اپنی برتری ثابت کردی۔

ہیوسٹن میں کھیلے گئے اس میچ میں جرمنی نے چھٹے منٹ میں فیلکس کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، تاہم 21ویں منٹ میں کوراساؤ کے لیوانو نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
میچ برابر ہونے کے بعد جرمنی نے کھیل پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا اور مسلسل حملوں کے نتیجے میں مزید چھ گول اسکور کیے۔ جرمن ٹیم نے 38ویں، 45ویں، 47ویں، 68ویں، 78ویں اور 88ویں منٹ میں گول کرکے ایک کے مقابلے میں سات گول سے بڑی کامیابی اپنے نام کی۔ جرمنی کی جانب سے کائی ہیورٹز نے دو گول اسکور کیے۔