کوئٹہ: بی وائی سی رہنماؤں کی فیس لیس ٹرائلز کے خلاف ہدہ جیل کے سامنے احتجاجی مظاہرہ و دھرنا

1

بلوچ یکجہتی کمیٹی ( بی وائی سی ) کے اسیر رہنماؤں کی غیرمنصفانہ اور فیس لیس ٹرائلز کے خلاف کوئٹہ میں ہدہ جیل کے سامنے اہلخانہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

بی وائی سی کے رہنما گزشتہ آٹھ روز سے جیل کے اندر ’’فیس لیس ٹرائل‘‘ (Faceless Trial) کے خلاف احتجاجی دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

جج رہنماؤں کی عدم موجودگی میں بھی مقدمے کی کارروائی آگے بڑھا رہے ہیں۔ فیس لیس ٹرائل کے ذریعے تنظیم کے ساتھیوں اور ان کے وکلاء کو استغاثہ، سرکاری گواہوں اور ریاستی مؤقف پر مؤثر جرح سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ یکطرفہ کارروائی کے ذریعے من پسند فیصلے حاصل کیے جا سکیں۔

دوسری جانب بلوچ یکجہتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ رہنماؤں کے اہل خانہ کا ہدہ جیل کے سامنے احتجاجی دھرناجاری ہے۔

جاری بیان میں کمیٹی کا کہنا تھا کہ آج بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کے اہل خانہ کی جانب سے ہدہ جیل کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جارہا ہے۔ یہ احتجاج جیل انتظامیہ کی جانب سے زیرِ حراست رہنماؤں سے ملاقات کی اجازت نہ دینے اور اہلِ خانہ کو بنیادی حق سے محروم رکھنے کے خلاف کیا جا رہا ہے۔

بی وائی سی رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ فیس لیس ٹرائل شفاف انصاف اور فئیر ٹرائل کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ زیرِ حراست رہنماؤں کو اہلِ خانہ سے ملاقات کا حق دیا جائے، فیس لیس ٹرائل کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے اور شفاف عدالتی عمل کو یقینی بنایا جائے۔

اپنے بیان میں کمیٹی نے کہا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی بلوچ قوم اور تمام باشعور طبقات سے اپیل کرتی ہے کہ یہ وقت متحد رہنے اور اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کا ہے۔ آج وہی رہنماؤں کی فیملیز احتجاج پر بیٹھی ہیں جو ہمیشہ ہمارے اور آپ کے حقوق، انصاف اور آواز کے لیے کھڑے رہے ہیں۔