بی وائی سی رہنماؤں کو عمر قید کی سزا پر نیشنل پارٹی کا اظہارِ تشویش، منصفانہ ٹرائل کا مطالبہ

38

نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں بی وائی سی کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ جی کو عمر قید کی سزا سنائے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مذمت کی۔

بیان میں کہا گیا کہ ماضی میں بھی ایسے متعدد فیصلے سامنے آتے رہے ہیں جن کے سیاسی اور سماجی سطح پر منفی اور دور رس اثرات مرتب ہوئے، جن کے اثرات آج بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت دیگر رہنما آئین پاکستان کے آرٹیکل 10-اے کے تحت شفاف اور منصفانہ ٹرائل کے حق کا مطالبہ کر رہے تھے، تاہم انہیں یہ بنیادی آئینی حق فراہم نہیں کیا جا رہا تھا۔ ایسے حالات میں سزا کا فیصلہ سنانا مجموعی طور پر مقدمے کی شفافیت اور منصفانہ عدالتی عمل پر سوالات کو جنم دیتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ آئین اور قانون ہر شہری کو منصفانہ ٹرائل کا حق فراہم کرتے ہیں اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کیے بغیر کیے جانے والے فیصلے نہ صرف عوامی اعتماد کو متاثر کرتے ہیں بلکہ ریاستی اور عدالتی اداروں کی ساکھ پر بھی اثرانداز ہو سکتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بلوچستان کے مسائل کو سنجیدگی، سیاسی بصیرت اور آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے سمجھنے اور حل کرنے کی ضرورت ہے۔ مسائل کے سیاسی حل مکالمے اور آئینی راستوں کو اختیار کرنا ہی دیرپا امن استحکام اور عوام کے اعتماد کی بحالی کی ضمانت فراہم کر سکتا ہے۔