بلوچستان: شمسی ایئربیس رسد و دیگر گاڑیاں نذرآتش، مرکزی پُل دھماکے میں تباہ

100

بلوچستان میں مرکزی شاہراہوں پر مسلح افراد کا کنٹرول، رسد گاڑیوں پر حملے، دھماکے سے مرکزی پل کو تباہ کردیا گیا۔

واشک کے علاقے بسیمہ میں گذشتہ روز مسلح افراد نے ایک ٹینکر گاڑی کو تحویل میں لینے کے بعد نذر آتش کرکے تباہ کردیا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ ٹینکر میں شمسی ایئربیس کیلئے ایندھن لے جایا جارہا تھا کہ مسلح افراد نے بسیمہ کے قریب اسے اپنی تحویل میں لیا۔

دریں اثناء گذشتہ شب نوشکی میں جنگلات کے مقام پر مرکزی شاہراہ پر مسلح افراد نے چار بڑی گاڑیوں کو نذر آتش کردیا۔

مزید برآں دالبندین میں سورگل مرکزی پُل کو نامعلوم افراد نے بارودی مواد نصب کرکے تباہ کردیا۔

قبل ازیں گذشتہ روز مستونگ کے علاقے گرگینہ میں مرکزی شاہراہ پر چار ٹرالر گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کا واقعہ پیش آیا جبکہ خاران شہر کے قریب مرکزی شاہراہ پر بھی مسلح افراد کی ناکہ بندی جاری رہی۔

حکام نے اس حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات پیش نہیں کی ہے۔