آسکرز 2024: بہترین فلم سمیت سات ایوارڈز ’اوپن ہائیمر‘ کے نام

90

فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈز آسکرز میں ’اوپن ہائیمر‘ نے بہترین فلم سمیت سات کیٹگریز میں ایوارڈز جیت لیے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دنیا کا پہلا ایٹم بم بنانے والے سائنسدان جے رابرٹ اوپن ہائیمر کی زندگی پر مبنی اس بلاک بسٹر فلم کو بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔ یہ ڈائریکٹر کرسٹوفر نولان کی پہلی فلم تھی جس کو بہترین فلم کا ایوارڈ ملا۔

’اوپن ہائیمر‘ نے ایوارڈ حاصل کرنے میں ’باربی‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

بہترین فلم کے علاوہ ’اوپن ہائیمر‘ کے اداکار سیلیئن مرفی کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

’اوپن ہائیمر‘ کے آئرش اداکار سیلیئن مرفی کا یہ پہلا آسکر ایوارڈ ہے۔ ایوارڈ وصول کرتے وقت انہوں نے کہا کہ ’ہم نے اس شخص کے بارے میں ایک فلم بنائی جس نے ایٹم بم بنایا، قطع نظر اس کے اچھے یا برے نتائج کے ہم سب اوپن ہائیمر کی دنیا میں رہ رہے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنا ایوارڈ دنیا میں کہیں بھی امن قائم کرنے والوں کے نام کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ بہترین ڈائریکٹر اور بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ بھی ’اوپن ہائیمر‘ کے نام رہا۔

بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فلم ’پوور تھنگز‘ کی اداکارہ ایما سٹون کو دیا گیا۔

بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنے والی 35 سالہ اداکارہ ایما سٹون نے اپنے کردار کے بارے میں کہا کہ ’جس طرح وہ زندگی اور انسانیت کے تمام پہلوؤں کو لے کر چلتی ہے اور جس طرح وہ اچھائی اور برائی، خوبصورتی اور بدصورتی کو پاتی ہے تو وہ بہت متاثر کن تھا۔‘

وہ آسکر کی تاریخ میں دوسری اداکارہ ہیں جنہیں ایک ہی فلم کے لیے بہترین فلم اور بہترین اداکارہ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ سب سے پہلے فرانسس میکڈورمنڈ کو 2020 کے ڈرامے ’نومیڈ لینڈ‘  کے لیے دونوں ایوارڈ ملے تھے۔

بیلی ایلش اور ان کے بھائی فینیئس او کونل کو فلم ’باربی‘ کے گانے ’واٹ واز آئی میڈ فار‘ کے لیے ایوارڈ دیا گیا۔ یہ ایک ہِٹ گانا ہے۔ سپاٹیفائی پر 700 ملین سے زیادہ کی سٹریم اور یوٹیوب پر اس کے 115 ملین ویوز ہیں۔