بلوچستان میں سکیورٹی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ چیف الیکشن کمشنر

313

پاکستانی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ الیکشن میں تاخیر ہوسکتی ہے، انتخابی شیڈول تیار ہے کچھ دیر تک جاری کریں گے۔

سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا ہے اور الیکشن کمیشن کو آج ہی انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

اس کے علاوہ عدالت نے تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے درخواست گزار عمیر نیازی کو نوٹس جاری کردیا۔

عدالتی فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابی شیڈول تیار ہے کچھ دیر میں جاری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم نے دو رپورٹس بنائی ہوئی تھیں، بڑے بڑے برج الٹ گئے، ڈی سی اسلام آباد کےحوالے سے تمام معاملات کو دیکھا گیا، ڈی سی اسلام آباد کا کوئی بڑا ایشو نہیں ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلوچستان اور کے پی میں سکیورٹی کی صورتحال تشویشناک ہے مگر دعاگو ہیں، پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلینگ فیلڈ فراہم کر رہے ہیں۔

سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ اگر کسی آر او سے متعلق کسی کو اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کریں، الیکشن کمیشن اعتراض پر ریٹرننگ آفیسر کو تبدیل کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری بھرپور خواہش ہے کہ سیاسی قیادت مل بیٹھے، سیاسی قیادت مل بیٹھ کر ہی ملکی مسائل حل کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے آج سپریم کورٹ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں جسٹس سردار طارق اور جسٹس اعجازالاحسن بھی شریک تھے۔ اس کے علاوہ اٹارنی جنرل منصور عثمان بھی ملاقات میں شریک تھے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر چیف جسٹس کی دعوت پر سپریم کورٹ آئے اور انہوں نے ججزکو لاہور ہائیکورٹ کے حکم امتناع سے آگاہ کیا۔