کوئٹہ: نوجوان کو قتل کرنے والے پولیس اہلکار کو سزائے موت

441

 بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں عدالت نے نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے ایک پولیس اہلکار کو سزائے موت جبکہ تین کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ 

فائرنگ کا یہ واقعہ 6 مئی 2021 کو کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر پیش آیا تھا۔

17 سالہ فیضان جتک اور اس کے کزن شہزاد جتک کو گاڑی نہ روکنے پر پولیس کے ایگل سکواڈ کے اہلکاروں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ گولی لگنے سے فیضان جتک ہلاک اور اس کا کزن زخمی ہوگیا تھا- 

 واقعے کے بعد مقتول کے لواحقین نے سڑک بند کرکے احتجاج کیا اور ملوث اہلکاروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے بعد ایگل سکواڈ کے چار اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

سنیچر کو کوئٹہ کے ایڈیشنل سیشن جج ون سریاب ڈویژن اورنگزیب گھمن نے کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔

عدالت نے ایگل سکواڈ کے اہلکار سلیمان کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی جبکہ ان کے ساتھی پولیس اہلکاروں ارسلان، ظاہر اعظم اور حامد کو عمر قید کی سزا سنائی۔

عدالت نے دوسرے شہری کو زخمی کرنے پر ملزمان کو مزید پانچ پانچ سال قید کی سزا بھی سنائی۔