گومازی میں فورسز اور بلیدہ میں عسکری کمپنی کو نشانہ بنایا۔ بی ایل ایف

451

بلوچستان لبریشن فرنٹ نے گومازی میں فوجی چوکی اور بلیدہ میں ایف ڈبلیو او کے مشینری کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

بی ایل ایف کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے میڈیا میں جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سرمچاروں نے کیچ کے علاقے گومازی میں 27 نومبر کی رات کو پاکستانی فوج کی چوکی پر اے ون کے کئی گولے فائر کیے جو اپنے اہداف پر جا گرے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ چوکی پاکستانی فوج نے شہیدجہانگیر کے گھر و چار دیواری کو قبضے میں لے کر قائم کیا ہے اور اب اس چوکی میں پاکستانی فوج مزید مورچے تعمیر کر رہی تھی عین اسی وقت سرمچاروں نے حملہ کرکے فورسز کو مالی و جانی نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرمچاروں نے کیچ کے علاقے بلیدہ میں عسکری تعمیراتی کمپنی(ایف ڈبلیو او) کی مشینری کو آج صبح آٹھ بجے ڈمبانی کور کے علاقے میں بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا جس سے دشمن ریاست کے لیے کام کرنے والے تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ تنظیم پہلے بھی ٹھکیداروں کو تنبہہ کر چکی ہے کہ وہ قابض فورسز کی معاون کاری اور ان پروجیکٹوں سے دور رہیں بصورت دیگر و اپنے جانی و مالی نقصان کے ذمہ دار خود ہونگے۔مقامی لوگوں سے پھر اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان سامراجی و ریاستی پشت پناہی میں پھلنے والے افراد کے لیے کام کرنے سے گریز کریں۔