بلیدہ میں تعمیراتی کمپنی پر بم حملہ

344

بلوچستان کے ضلع کیچ میں نامعلوم افراد نے تعمیراتی کمپنی کے سائٹ پر دھماکہ خیز مواد نصب کرکے کمپنی کے ارکان کو نشانہ بنایا ہے۔

دھماکہ کیچ کے علاقے بلیدہ میں کیا گیا جس سے تین افراد زخمی جبکہ تعمیراتی کمپنی کے مشینری کو نقصان پہنچا۔

رکن صوبائی اسمبلی ظہور بلیدی نے دھماکے کی مذمت کی ہے جبکہ دھماکے کے بعد فورسز کی نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

فورسز حکام کے مطابق شواہد جمع کیئے جارہے ہیں تاہم کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔

خیال رہے بلوچستان میں تعمیراتی کمپنیوں کو اکثر بلوچ آزادی پسندوں کی جانب سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔ مذکورہ تنظیموں کا موقف ہے کہ پاکستان فوج کی ایماء پر استحصالی پروجیکٹس کیلئے راہ ہموار کرنے کیلئے ان تعمیرات کو استعمال کیا جاتا ہے۔

گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مند اور آواران میں بلوچستان لبریشن فرنٹ نے عکسری تعمیراتی کمپنی ایف ڈبلیو او پر دو حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

ترجمان نے بیان میں کہا کہ ہم پہلے بھی مقامی ٹھیکداروں، ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیور حضرات کو تنبیہ کرچکے ہیں کہ وہ دشمن قابض فوج کے کسی بھی نام نہاد منصوے کا حصہ نہ بنیں جس سے بلوچ قوم اور بلوچستان میں جاری آزادی کی تحریک کو نقصان پہنچے۔ بصورت دیگر وہ اپنے جانی و مالی نقصان کے ذمہ دار خود ہونگے۔