انڈیا میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں پر نظر ہے – امریکہ

381

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکہ نے انڈیا میں ’انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں‘ پر نظر رکھی ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پیر کو امریکی وزیر دفاع، انڈین وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ وہ انڈین حکام کے ساتھ انسانی حقوق کے مشترکہ اقدار کے معاملے پر باقاعدہ رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم انڈیا میں حکومت، پولیس اور جیل حکام کی جانب سے انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں سمیت دیگر پریشان کن معاملات کی نگرانی بھی کر رہے ہیں۔‘

پریس کانفرنس کے دوران انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور وزیر دفاع راج سنگھ نے امریکی وزیر خارجہ کے بعد بات چیت کی تاہم انہوں نے انسانی حقوق کے معاملے پر تبصرہ نہیں کیا۔

 انڈیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر انٹونی بلنکن کا بیان ایسے وقت سامنے آیا جب چند دن قبل امریکی ایوان نمائندگان کی رکن الہان عمر نے سوال اٹھایا تھا کہ کیوں بائیڈن انتظامیہ انسانی حقوق کے حوالے سے مودی حکومت پر تنقید سے گریز کر رہی ہے۔

مودی کے ناقدین کا کہنا ہے کہ ان کی ہندو قوم پرست حکمراں جماعت 2014 میں اقتدار میں آنے کے بعد مذہبی تقسیم کو فروغ دے رہی ہے۔