ٹک ٹاک نے روسی ویڈیوز پر پابندی لگادی

264

سوشل میڈیا کی چینی ایپ ٹک ٹاک نے روس سے شائع ہونیوالی تمام نئی ویڈیوز کی اپنے پلیٹ فارم پر تشہیر معطل کرنے کا اعلان کردیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین کمپنی نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ روس کے ’فیک نیوز‘ یعنی جعلی خبروں کے قانون کے تناظر میں لائیو اسٹریمنگ اور ویڈیو مواد معطل کردیا گیا ہے اور اس دوران قانون کے حفاظتی مضمرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ روس پر پابندیوں کے حالیہ فیصلے سے ٹک ٹاک کی میسجنگ سروس متاثر نہیں ہوئی۔

ٹک ٹاک نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، روس میں حالات کا جائزہ لیتے رہیں گے تاکہ سروس بحال کرنے کا تعین کرسکیں۔

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے جمعہ کو ایک بل پر دستخط کئے تھے جس کے تحت روسی فوج سے متعلق ’فیک نیوز‘ نشر کرنے پر 15 سال تک کی سزائے قید ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر سے ایک ارب صارفین ٹک ٹاک استعمال کرتے ہیں۔

ٹک ٹاک نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا ہے کہ یہ تخلیقی صلاحیتوں اور تفریح فراہم کرنے کا پلیٹ فارم ہے جو جنگ کے دوران سکون اور انسانی رشتے جوڑنے کا ایک ذریعہ ہوسکتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس بحران کے دوران ٹک ٹاک بڑھتے ہوئے خطرات اور گمراہ کن معلومات کے اثرات سے واقف ہے اور مزید حفاظتی اقدامات لینے پر کام کررہا ہے۔