چاغی : اینٹی نارکوٹکس فورس بڑے پیمانے پر منشیات فروشی میں ملوث ہے – رپورٹ

752

بلوچستان کے ضلع چاغی میں پاکستان کے وفاقی ادارے اینٹی نارکوٹکس فورس کے اہلکاروں نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔

دی بلوچستان پوسٹ کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ 23 جنوری کو نوکنڈی کے علاقے کوہ سلطان کے قریب پیش آیا جس میں اے این ایف اہلکاروں کی فائرنگ سے نوکنڈی کے رہائشی غلام جان سمالانی جاں بحق ہوئے جن کی تدفین نوکنڈی میں کی گئی۔

دوسری جانب منگل کے روز اے این ایف بلوچستان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک پریس ریلیز میں 23 جنوری کو ایک کارروائی میں لینڈ کروزر گاڑی سے 300 کلو افیون برآمد کرکے مقدمہ نمبر 1/2022 دالبندین اے این ایف تھانے میں درج کرنے کا دعویٰ کیا ۔

ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں ایک آر پی جی اور دو ایس ایم جی سمیت 180 راؤنڈز برآمد ہوئے جن کا پریس ریلیز میں کوئی ذکر نہیں۔ اس خبر میں اے این ایف اہلکاروں کی فائرنگ اور اس کے نتیجے میں جاں بحق شخص کے متعلق کوئی معلومات نہیں دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اس مبینہ کارروائی میں ظاہر کی گئی افیون کی مقدار بھی 1200 کلو سے کم کرکے 300 کلو بتائی گئی۔

ضلع چاغی میں اے این ایف کے متعلق یہ تاثر عام ہے کہ یہ پاکستانی وفاق کے زیر انتظام یہ ادارہ نہ صرف بڑے پیمانے پر منشیات فروشی میں ملوث ہے بلکہ متعدد غیر قانونی اقدامات کی مرتکب ہوتی رہتی ہے لیکن اپنے ان جرائم پر پردہ ڈال کر عوام کے آنکھوں میں دھول جھونکتی ہے۔