سہولیات کی عدم فراہمی سے مکران میں عوام کا جینا محال ہوچکا ہے – ڈاکٹر مالک بلوچ

138

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت بلوچستان کے عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ مکران میں بجلی کے بحران نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے، 14 اور 18 گھنٹوں کے لوڈ شیڈنگ نے زندگی کو مفلوج بنا کر رکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ زندگی کے تمام شعبے بری طرح متاثر ہیں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کرونا وباء سے شدید متاثرہ افراد و ہسپتال کی حالت انتہائی خراب اور قابل افسوس ہے، کاروبار تباہ و برباد ہوچکے ہیں، لوگ پہلے سے مہنگائی اور بے روزگاری کے دلدل میں دھنس چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی اور کیسکو حکام کی ہٹ دھرمی نے مشکلات و مسائل میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ تربت، گوادر اور پنجگور کے عوام مجبور ہوکر حکومتی نااہلی اور کیسکو حکام کے خلاف سراپا احتجاج ہوگئے ہیں۔ حکومت اور کیسکو حکام کو چاہیے کہ وہ عوامی مسائل پر سنجیدہ رویہ اپنائیں ناکہ انتقامی کاروائیاں شروع کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے خلاف اقدامات سے گریز کیا جائے بصورت دیگر سیاسی پارٹیاں مجبوراً اپنی تحریک کو وسعت دیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ حکومت و کیسکو اہلکاروں پر عائد ہوگی۔