بولان: پکنک منانے والے افراد چوروں کے رحم کرم پر، پانچ روز میں 15 موٹرسائیکل چوری

565

بولان مختلف علاقوں سے عید کے چھٹیوں پر پکنک منانے والے افراد کو چوروں نے لوٹ لیا۔ چند روز میں چوری کے کئی وارداتوں  میں 15 عدد موٹرسائیکل و نقدی چوری ہونے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔

پکنک پر جانے والے افراد کا کہنا تھا کہ بولان کے پکنک پوائنٹس پر عیدالاضحٰی کے موقع پر لوگوں کی کافی تعداد پکنک منانے آئے تھے ان دنوں کچھ مسلح جتھے لوگوں کو سرعام بندوق کے نوک پر لوٹ لیا، گذشتہ پانچ دنوں میں 15 موٹر سائیکل، ایک ویٹس کار، 36 ہزار کے قریب نقدی، موبائل اور دوسرے قیمتی اشیاء چوری ہوگئے ہیں۔

چوروں کا نشانہ بننے والے ان افراد کا کہنا تھا کہ یہ واردات بولان کے مختلف پکنک پوائنٹس پر رونماء ہوئے ہیں جہاں ماشاءاللہ ہوٹل، کولپور، کابوئی، پیر غیب پر لوگوں کو ان مسلح گروہوں کی جانب سے لوٹا گیا۔

متاثرین میں سے ایک نے ٹی بی پی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایک روز قبل رات تین بجے کے قریب مسلح لوگ پکنک منانے والوں کو بندوق کے زور پر ڈرا دھمکا کر ان کے موٹر سائیکل، موبائل اور کچھ نقدی چھین کر لے گئے۔

اس نے بتایا کہ مذکورہ مسلح ڈاکو اپنے آپ کو پہاڑوں میں رہنے والے بلوچ مسلح تنظیم کا رکن ظاہر کرکے لوگوں کو لوٹ رہے ہیں۔

خیال رہے ماضی میں بھی اس نوعیت کے واقعات پیش آچکے ہیں جہاں مختلف پکنک پوائنٹس پر مسلح افراد خود کو بلوچ آزادی پسند ظاہر کرکے لوگوں کو لوٹ چکے ہیں۔ تاہم بلوچ مسلح تنظیموں کی جانب سے اس کی تردید کی جاتی رہی ہے جن کا موقف ہیں کہ انہیں بدنام کرنے کیلئے سرکاری حمایت یافتہ افراد اور چور بلوچ عوام کو لوٹتے ہیں۔