پنجگور باڈر کی بندش پر عوام سراپا احتجاج، شاہراہ بند

568

بلوچستان کے ضلع پنجگور سے متصل گولڈ سمڈ لائن (مغربی و مشرقی بلوچستان سرحد) کی بندش کے خلاف کاروباری افراد اور علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا۔

تفصیلات کے مطابق عوام کی بڑی تعداد نے پنجگور کے علاقے بونستان دازی کے قریب ٹائر جلا کر کر ٹریفک کی روانی کو معطل کردیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بارڈر پر سختیوں کی وجہ سے وہ نان شبینہ کے محتاج ہوکر رہ گئے ہیں بارڈر پر صرف ایک گیٹ ہے جہاں لوگوں کو ہفتوں انتظار کروایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ دو نوالے کمانے کے پیچھے وہ انتہاہی تحضیک اور مشکلات سے گزرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بارڈر پر پابندیوں کو ہٹاکر لوگوں کو آزادانہ طریقے سے روزگار کرنے دیا جائے۔

دوسری جانب ضلع کیچ کے تحصیل بلیدہ زامران کے رہائشیوں نے بھی ایران سے متصل بارڈر کی بندش پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری روزی روٹی اس بارڈر سے وابسطہ ہے لیکن حکام بالا نے سیکورٹی کے نام پر ہماری روزی چھین لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف سی اہلکار صرف  اپنے من پسند لوگوں کو دوسری طرف جانے کی اجازت دیتے ہیں جو غریبوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔