سانحہ مچھ: کراچی میں چھ مقامات پہ دھرنا جاری

211

 بلوچستان کے علاقے مچھ میں گذشتہ روز عالمی دہشت گرد گروہ داعش کے ہاتھوں   گیارہ ہزارہ کانکنوں کے قتل کے خلاف کراچی کے چھ مختلف  مقامات پر دھرنا جاری ہے۔

کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق شارع فیصل پر کالونی گیٹ، ملیر پندرہ کے قریب دھرنا جاری ہے، جس کے باعث ڈرگ روڈ تا ملیر دونوں ٹریک پر ٹریفک معطل ہے۔

ماڈل کالونی سے قائدآباد جانے والے ٹریفک کو کالا بورڈ کی طرف موڑا گیا ہے، جس کی وجہ سے قائد آباد سے آنے والے ٹریفک کو الفلاح برج سے اندرونی سڑک کی طرف موڑا گیا ہے۔

ایم اے جناح روڈ پر نمائش چورنگی پر بھی دھرنا جاری ہے، جس کی وجہ سے کیپری سنیما سے گرومندر جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے بندہے۔

کراچی ٹریفک پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شہری کوریڈور تھری اور سولجر بازار کا روٹ استعمال کریں۔

یونیورسٹی روڈ پر سفاری پارک کے قریب جبکہ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بھی عباس ٹاؤن کے قریب دھرنا جاری ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کو دشواری سے بچانے کے لیے سہراب گوٹھ سے ٹریفک کو راشد منہاس روڈ کی طرف موڑا گیا ہے، جبکہ مسکن چورنگی سے سہراب گوٹھ کی ٹریفک کو پیراڈائز بیکری کی طرف موڑا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ نارتھ کراچی کی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب بھی دھرنا جاری ہے۔

واضح رہے کہ تین جنوری کو بلوچستان کے علاقے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں عالمی دہشت گرد گروہ داعش نے  گیارہ ہزارہ کانکنوں کو ذبح کیا تھا۔

دوسری جانب اس سانحے کے خلاف کوئٹہ میں بھی ہزارہ برادری کا احتجاجی دھرنا جاری ہے۔

گذشتہ روز پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید بھی مظاہرہ کرنے والوں سے مذاکرات کے لیے آئے تاہم مذاکرات ناکام ہوئے۔