جرمن دارالحکومت برلن میں فائرنگ متعدد افراد زخمی

298

جرمن دارالحکومت برلن میں فائرنگ کے ایک واقعے میں کم از کم سات افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ نامعلوم حملہ آور فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے اور برلن پولیس علاقے میں ان کی تلاش اور تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔

برلن پولیس کے مطابق آج بروز ہفتہ چھبیس دسمبر کی صبح برلن کے  علاقے کروئزبرگ میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ اس واقعے میں کم از کم سات افراد زخمی ہوگئے ہیں  جن کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد چار افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی تاہم فائر بریگیڈ عملے نے مزید تین افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔ زخمیوں میں سے تین افراد قریبی سڑک کے پاس ملے جب کہ چوتھے زخمی کو علاقے کی ایک نہر سے باہر نکالا گیا۔ اس شخص کو بظاہر ٹانگ میں چوٹ آئی ہے۔ پولیس نے آس پاس کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

یہ واقعہ برلن کی  ایک سڑک ‘شٹریس مان شٹراسے‘  پر واقع جرمن سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی دفتر کے قریب پیش آیا ہے۔ برلن پولیس نے فی الحال اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی کہ اس پرتشدد واقعے میں کون ملوث ہے یا پھر گولیاں کس نے چلائیں۔  برلن پولیس کی خاتون ترجمان کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے پس پردہ سیاسی پہلو کا فی الحال کوئی اشارہ نہیں ملا  ہے لیکن صورتحال اب بھی غیر واضح ہے۔

خبر کو مذید اپڈیٹ کیا جارہا ہے