سندھ بلوچستان کے جزائر کی ملکیت: لیاری عوامی محاذ کا احتجاج

375

لیاری عوامی محاذ کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے ساحلی جزائر پر وفاقی حکومت کی ملکیت میں لینے کیخلاف کھڈا مارکیٹ لیاری میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین سے گل حسن کلمتی، عبدالخالق زدران، کامریڈ زہرا خان، عثمان بلوچ، کامران خان، پروفیسر گل رخمان پالاری، ناصر منصور، عابد بروہی، امان اللہ شیخ، عبدالخالق جونیجو، پروفیسر اصغر دشتی، زبیر الرحمان، عبداللہ جان، لطیف ڈورائی، سلیم صالح بوزدار، سعید بلوچ اور دیگر نے خطاب کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ پہلے بحریہ ٹاؤن کے نام پر ملیر، کاٹھور، گڈاپ کی زمینوں پر قبضہ کیا اور اب وفاقی حکومت نے ایک آرڈیننس کے ذریعے سندھ اور بلوچستان کے ساحلی جزائر خاص کر سندھ کے ساحلی جزائر ڈنگی اور بھنڈار پر غاصبانہ قبضہ کر کے وہاں پر جدید شہر بساکر ماہگیروں کو ان کے معاش سے محروم کرکے معاشی قتل کرنے جارہی ہے۔

مظاہرین نے کہا کہ اس سلسلے میں سندھ حکومت کی مجرمانہ خاموشی کی بھی سخت مذمت کرتے ہیں۔

خیال رہے بلوچستان اور سندھ کے جزائر کو وفاق کی ملکیت میں لینے کیخلاف سیاسی اور سماجی جماعتوں کی جانب سے سخت رد عمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے سندھ سمیت بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔