کوئٹہ: مری آباد میں پانی کی قلت، مکینوں کا احتجاج

354

پانی کا مسئلہ داراصل واپڈا اور واسا کے پیدا کردہ ہے – علاقہ مکین

دی بلوچستان پوسٹ نمائندہ کوئٹہ کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مری آباد کے علاقے میں پانی کی قلت شدت اختیار کرگئی جس کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہے۔

گذشتہ کہیں دنوں سے پانی کی بندش سے تنگ آکر آج علاقہ مکین شاہراہ پر دھرنا دے کر احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے۔

اس حوالے سے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مری آباد جو کوہِ مردار کے دامن میں گنجان آبادی والا علاقہ ہے اور یہاں لگ بھگ پندرہ، بیس ٹیوب ویل موجود ہے جو تقریباً کوئٹہ کے 70 فیصد علاقوں کو پانی سپلائی کرتے ہیں مگر خود  مری آباد کے مکین اس نعمت سے محروم ہے اور ہر دو ماہ بعد علاقہ مکین پانی کے حصول کے لیے احتجاج پہ مجبور ہوتے ہیں ۔

ان کا مزید کہنا ہے گذشتہ ایک ہفتے سے جاری پانی کا مسئلہ دراصل دو اداروں واپڈا اور واسا کے اپنے پیدا کردہ ہے، واپڈا حکام یہ کہہ کر ٹیوب ویلوں کے کنکشن کاٹ دیتے ہیں کہ بل جمع نہیں کئے گئے ہیں جبکہ عوام ہر مہینے پانی کا بل واسا کے پاس جمع کرتے ہیں۔

علاقہ مکینوں کا اعلیٰ حکام سے مسئلے کے حل کے حوالے سے گزارش کرتے ہوئے کہنا ہے کہ مذکورہ اداروں کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔