مچھ : محمد حسین عنقاء لائبریری کھنڈرات میں تبدیل

442

کسی بھی علاقے میں شعور اور علم سے دوستی کا اندازہ لگانا ہوتو وہاں کے لائبریریوں سے بخوبی طور پر لگایا جاسکتا – جنرل سیکرٹری بولان ادبی دیوان

بولان ادبی دیوان مچھ کے صدر منیر غمخوار، جنرل سیکرٹری راشد جانان اور زاہد نسیم جلال آبادی نے کہا ہے کہ مچھ میں محمد حسین عنقاء لائبریری کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہے عمارت میں دراڑیں پڑچکی ہے جبکہ کتابیں اور الماریاں اور دیگر فرنیچر کو دیمک لگ چکی ہے۔ لائبریری کی غیر فعالی اور بندش سے مچھ میں کتاب بینی کا شوق ختم ہوتا جارہا ہیں، طالب علموں، شعراء کرام، صحافی برداری اور دیگرحلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو مطالعہ کا کوئی ذریعہ نہ ہونے کے وجہ سے مشکلات کاسامنا ہیں، حکام صورتحال کا نوٹس لیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے نامور بلوچ رہنماء محمد حسین عنقاء کے نام سے منسلک مچھ لائبریری کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے لائبریری کا معائنہ کیا اور کہا کہ مچھ میں اس سے بڑی علمی المیہ اور کیا ہوسکتا ہے کہ شہر میں کئی سالوں سے لائبریری غیر فعال بند پڑی ہے اور مطالعہ کیلئے کوئی ذریعہ موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے میں شعور اور علم سے دوستی کا اندازہ لگانا ہوتو وہاں کے لائبریریوں سے بخوبی طور پر لگایا جاسکتا ہے لیکن مچھ میں عرصہ دراز سے لائبریری کی قلت ہے جبکہ اس قلت کو کسی نے محسوس کیا اور نہ ہی کسی کو احساس ہوا جو المیہ سے کم نہیں، مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے مچھ میر محمد حسین عنقاء لائبریری کے بلڈنگ میں جگہ جگہ سے دراڑیں پڑچکی ہے اور کتابیں اور الماریاں فرنیچرز کو دیمک کھا گئی ہیں بچے کچے کتابوں، کرسیوں اور کمروں میں مٹی کی دھول جم گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بولان ادبی دیوان نے لائبریری کے فعالیت کیلئے مچھ کے تمام سیاسی صحافی سماجی حلقوں رابطے کے علاوہ ڈی جی سوشل ویلفیئر کو تحریری زبانی طور پر لائبریری حالت زار سے آگاہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، بولان ادبی دیوان اس حوالے جلد ایم پی اے بولان سردار یار محمد رند اور سابقہ ڈسٹرکٹ چیئرمین سردار خان رند اور ضلعی سطح پر سرکاری آفیسران سے ملاقات کریں گے۔

انہوں نے حکام سے مچھ لائبریری کی صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔