بلوچستان مختلف واقعات میں 6 افراد جانبحق، 1 زخمی

108

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات و واقعات میں 6 افراد جانبحق، 1 زخمی

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع سبی میں کوہلو روڈ سے کٹمنڈی جاتے ہوئے موٹر سائیکل سے گر کر ایک شخص جانبحق ہوگیا۔

ریسکیو زرائع کے مطابق حادثہ موٹر سائیکل کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا جبکہ مذکورہ شخص کی لاش سبی سیول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

کوئٹہ اسپنی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 50 سالہ برات علی ولد قربان ہزارہ جانبحق ہوگیا۔

پولیس زرائع کے مطابق برات علی کو سر میں گولی لگنے کے باعث تشویشناک حالت میں بی ایم سی ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

کوئٹہ ہی کے علاقے چمن توزی کاریز میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایبٹ آباد کے رہائشی ٹیلر ماسٹر اعجاز جاں بحق ہوگئے۔

ایک اور واقعے میں ضلع مستونگ کے علاقے چوتو کے مقام پر تیزرفتار مزداہ ٹرک نے خاتون اور بچی کو کچل دیا جس کے باعث بچی جانبحق اور خاتون شدید زخمی ہوگئی۔

دریں اثناء ضلع کیچ کے علاقے زعمران جالگی میں فائرنگ کے واقعے میں سگے بھائی عمر اور یونس ولد اللہ بخش سکنہ شاہی سکنہ بگ جانبحق ہوگئے۔