ایران : فوجی پریڈ کے دوران فائرنگ، متعدد افراد ہلاک و زخمی

155

ایرانی شہر اہواز میں ایک فوجی پریڈ کے دوران ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک یا زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ ہفتے کے دن ہونے والی اس پریڈ کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ شروع کر دی۔

سرکاری ٹیلی وژن نے بتایا کہ پریڈ کے دوران چند افراد نے شرکاء پر پشت کی جانب سے فائرنگ شروع کر دی، جس کی وجہ سے متعدد افراد زخمی یا ہلاک ہو گئے۔ اس واقعے کی تفصیلات ابھی موصول ہو رہی ہیں۔

دریں اثنا دوسری جانب  ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ تہران حکومت اپنی بیلسٹک میزائل صلاحیتوں میں مزید بہتری لائے گی۔

ہفتے کے دن ایک فوجی پریڈ کے دوران خطاب کرتے ہوئے صدر روحانی کا کہنا تھا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کو کم نہیں کرے گا بلکہ آہستہ آہستہ اس میں اضافہ کیا جاتا رہے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حال ہی میں ایرانی بیلسٹک میزائل پروگرام پر اعتراضات کرتے ہوئے عالمی جوہری ڈیل سے دستبردار ہو گئے تھے۔

مغربی ممالک ایران کے میزائل اور جوہری پروگراموں کو علاقائی اور عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہیں۔ تاہم تہران حکومت اسے دفاعی پروگرام قرار دیتی ہے۔