کوئٹہ: چرچ پر دھماکے وفائرنگ سے 9 افراد ہلاک 42 زخمی

320

کوئٹہ میں موجود ایک چرچ میں خودکش دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 9 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق بم دھماکا کوئٹہ میں زرغون روڈ کے انتہائی حساس علاقے امداد چوک پر قائم ایک چرچ میں ہوا جس کے بعد مسلح افراد نے فائرنگ بھی کی اور واقعے میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔

 حکام نے بتایا کہ دھماکے کے وقت چرچ میں دعائیہ تقریب جاری تھی اور اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد یہاں موجود تھی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر کوئٹہ سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

تاہم جائے وقوع پر فورسز اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا رہا۔

سرکاری حکام کے مطابق دھماکے کے بعد کوئٹہ بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

حکام کے مطابق متاثرہ علاقے کے قریب کوئٹہ کا ریلوے اسٹیشن جبکہ اہم سرکاری عمارتیں بھی موجود ہیں جبکہ اس سے قبل ہی چرچ پر حملہ کیا گیا تھا جس کے بعد اس کی سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی تھی۔