عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام تربت میں ایک تقریب سے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان و صدر نیشنل پارٹی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کسی بھی تحریک میں ہر اول دستہ کا کردار ادا کرسکتی ہیں، بلوچ قومی جدوجہد میں بلوچ خواتین کو اپنا کردار بھرپور انداز میں نبھانی ہوگی تاکہ غیرسیاسی عناصر کا راستہ روکا جاسکے-
انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز نیشنل پارٹی کو حاصل ہے کہ وہ خواتین کو تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ سیاسی میدان میں بھی متحرک کررہی ہے، خواتین کی آج کا یہ اجتماع ایک نئی تاریخ کی بنیاد ثابت ہوگی-
انہوں نے کہا کہ آج کیچ میں خواتین کی اتنی بڑی اجتماع سماج میں مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ ہے پہلے کہا جاتا تھا کہ بلوچ پسماندہ اور جاہل قوم ہے مگر آج ہماری بہنوں اور بیٹیوں نے یہ ثابت کردیا ہے کہ بلوچ خواتین کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں ہیں، خواتین ہی کسی بھی تحریک میں ہراول دستہ کا کردار ادا کرسکتی ہیں، دنیا میں جتنی بھی انقلاب آئے ہیں ان میں خواتین کا ایک ناقابل فراموش کردار رہی ہے، خواتین کے اس اجتماع اور ان کے جذبے کو دیکھ کر یہ کہا جاسکتا ہے کہ اب نہ بلوچ کو کوئی غلام بنا سکتا ہے اور نہ ہی بلوچ کے قومی وسائل کو لوٹ سکتا ہے-
انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کا بنیادی مقصد بلوچ کو ایک قوم کے طورپر منظم کرنا ہے، بلوچ کا ہر بچہ پڑھا لکھا ہو، بلوچ کو پسماندگی سے نکال کر ایک بہترمستقبل کی راہ پرگامزن کرنا ہے، بلوچ ایک خوش حال خطہ کی مالک ہوتے ہوئے بدحال زندگی بسرکرنے پر مجبور ہے-
انہوں نے کہا کہ 1993 میں نیشنل پارٹی جب حکومت کا حصہ بنی تو نیشنل پارٹی نے خواتین کی تعلیم کے فروغ کیلئے جو اقدامات اٹھائے تھے اس وقت سیاسی مخالفین کی جانب سے تنقید کے تندوتیز نشتر چلائے گئے مگر آج اس کے ثمرات بلوچ معاشرے پر نہایت مثبت پڑ رہے ہیں نیشنل پارٹی نے ہمیشہ تعلیم کو ترجیح دی ہے آج اپنے گھر کے قریب اعلیٰ تعلیم کے مواقع کی دستیابی نیشنل پارٹی کی ہی مرہون منت ہے، یونیورسٹی آف تربت اور میڈیکل کالج سمیت دیگر اعلیٰ تعلیمی ادارے نیشنل پارٹی اور آپ کے ووٹوں کی بدولت ممکن ہوئے ہیں، یہ نیشنل پارٹی ہی کی بدولت ہے کہ آج کیچ پاکستان میں شرح تعلیم کے لحاظ سے 8ویں نمبرپر ہے۔
انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ہم نے اپنے دورمیں تعلیمی اداروں کو جو بسیں فراہم کی تھیں سلیکٹڈ نمائندوں کے دور میں آج وہ بسیں ٹائر نہ ہونے کی وجہ سے کھڑی ہیں، کیچ کے 5ایم پی اے جو سب وزیر ہیں مگر 4سال گزرنے کے بعد ان کے اربوں روپے کے فنڈز کہاں خرچ ہوئے، کوئی حساب نہیں دے سکتا، زمین پر کوئی کام نظرنہیں آتا، ہسپتال میں ایک سرنج بھی دستیاب نہیں، مسلط کردہ نمائندوں کو عوام سے کوئی سروکارنہیں-
انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کو پڑھائیں انہیں معیاری اور کوالٹی ایجوکیشن دلائیں انہیں جدید دور کے چیلنجز کیلئے تیارکریں، خواتین سیاسی میدان میں اور الیکشن میں ٹھپہ ماری کا راستہ روکنے کیلئے خواتین بھی اپنا کردار نبھائیں، نیشنل پارٹی ایک قومی سیاسی پارٹی ہے جو قوم کادکھ درد محسوس کرتی ہے اگر آئندہ الیکشن میں پارٹی کو اچھی پوزیشن ملی تو اس سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی،نیشنل پارٹی عوام کے پیسوں کی لوٹ مار کو حرام سمجھتی ہے-
خواتین کی اجتماع سے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر کہدہ اکرم دشتی، ضلعی صدرمشکور انوربلوچ، خواتین سیکرٹری شاری ابوالحسن، بی ایس اوپجارکے مرکزی سنیئروائس چیئرمین بوہیر صالح، فضل کریم سمیت خواتین ورکروں نے بھی خطاب کیا۔