بھارت: ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں 17 پولیس کمانڈوز ہلاک

288

بھارت میں ماؤ نواز باغيوں نے پولیس کمانڈوز کے قافلے پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 17 اہلکار ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے جبکہ 12 اہلکار لاپتہ ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع سکما سے گزرنے والے پولیس کمانڈوز کے قافلے پر 300 سے زائد ماؤ نواز باغیوں نے حملہ کر دیا، حملہ آوروں کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر میں 17 اہلکار ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

پوليس سپرنٹنڈنٹ شلاب سنہا نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتايا کہ ماؤ نواز باغيوں کے ایک گروہ نے پوليس کمانڈوز کے قافلے کو گھات لگا کر حملے کا نشانہ بنايا، جوابی کارروائی میں 4 باغی بھی مارے گئے۔ حملے کے بعد سے 12 اہلکار لاپتہ ہیں۔

حملے کا شکار ہونے والے کمانڈوز اس علاقے میں باغیوں کیخلاف آپریشن کرنے گئے تھے تاہم اس سے قبل ہی ماؤ باغیوں نے کمانڈوز پر حملہ کردیا جس کے بعد دونوں کے درمیان کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ باغی جاتے ہوئے بھارتی پولیس کا اسلحہ بھی لے گئے۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاستوں جھاڑ کھنڈ، مغربی بنگال، اڑيسہ، بہار، چھتيس گڑھ، مہاراشٹرا اور آندھرا پرديش سمیت ديگر رياستوں ميں 1960 سے ماؤ نواز کارکنان بھارت سے آزادی کیلئے مسلح جدوجہد کر رہے ہیں۔